کوکین سے بنے سوٹ کیس میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش،بارسلونا ائیر پورٹ پر 18 سالہ نوجوان گرفتار
Screenshot
بارسلوناایئرپورٹ پر پولیس نے ایک 18 سالہ نوجوان کو اس وقت حراست میں لے لیا جب اس کے سامان سے ایک غیر معمولی انداز میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئیں۔ حیران کن بات یہ تھی کہ منشیات کسی خفیہ خانے میں نہیں بلکہ خود سوٹ کیس کی سخت ساخت میں شامل کی گئی تھیں، جو مکمل طور پر کوکین سے تیار کی گئی تھی۔
عام طور پر منشیات اسمگلر ڈبل باٹم یا خفیہ خانوں کا سہارا لیتے ہیں، مگر اس بار طریقہ واردات بالکل مختلف اور چونکا دینے والا تھا۔
ٹرمینل 1 پر کسٹمز میں تعینات گواردیا سول کے اہلکاروں نے اسکینر کے ذریعے ایک درمیانے سائز کے سوٹ کیس کو مشکوک پایا۔ یہ سامان پیرو کے دارالحکومت لیما سے آیا تھا۔ جب اس کے مالک، ایک 18 سالہ نوجوان، کی نشاندہی کی گئی تو اسے ایک علیحدہ کمرے میں لے جا کر سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔
ابتدائی معائنے میں یہ واضح ہوا کہ سوٹ کیس میں کوئی خفیہ خانہ موجود نہیں تھا۔ مزید جانچ پر معلوم ہوا کہ سوٹ کیس کے اندرونی پینل دراصل کوکین سے بنے ہوئے تھے، جو سخت اور موٹے تھے اور بالکل عام سوٹ کیس کی تہوں کی طرح دکھائی دیتے تھے۔ بظاہر یہ ایک عام سوٹ کیس لگتا تھا، مگر حقیقت اس کے برعکس تھی۔
اس سوٹ کیس سے مجموعی طور پر 4.31 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔
نوجوان کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا اور اس پر عوامی صحت کے خلاف جرم کا مقدمہ درج کیا گیا۔ انسٹرکشن کورٹ نمبر 5 نے اس کی عبوری طور پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔