اَداموز میں حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینیں جدید ترین ماڈلز تھیں
Screenshot
اسپین(دوست نیوز)اَداموز (قرطبہ) میں اتوار کے روز پیش آنے والے المناک حادثے میں متاثر ہونے والی دونوں ٹرینیں، اگرچہ اپنی ساخت اور خصوصیات میں مختلف تھیں، لیکن یورپی ریلوے مارکیٹ کے جدید اور نمایاں ترین ماڈلز میں شمار ہوتی ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرینوں میں ایک نجی کمپنی اریو (Iryo) کی فریکسیاروسا 1000 اور دوسری رینفے (Renfe) کی الویہ سیریز 120 شامل ہے۔
اریو کی ٹرین، جسے تکنیکی طور پر ETR 1000 کہا جاتا ہے اور جو اپنے سرخ رنگ کی وجہ سے فریکسیاروسا 1000 کے نام سے جانی جاتی ہے، ہٹاچی اور بمبارڈیئر کے اشتراک سے تیار کی گئی تھی، جو اب السٹوم گروپ کا حصہ ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹرین یورپ کی تیز ترین، جدید ترین اور ماحول دوست ٹرینوں میں سے ایک ہے، جو زیادہ سے زیادہ 400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس ٹرین میں 461 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اس میں 16 طاقتور موٹرز نصب ہیں جو تمام بوگیوں میں تقسیم ہیں، جس سے پٹریوں پر گرفت بہتر رہتی ہے۔
ادھر رینفے کی الویہ سیریز 120 ٹرین، جو سی اے ایف اور السٹوم نے تیار کی، پہلی بار 17 مئی 2006 کو میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان سروس میں شامل کی گئی تھی۔ اس ٹرین کی نمایاں خصوصیت اس کا خودکار پہیہ نظام ہے، جو چند سیکنڈز میں مختلف چوڑائی والی پٹریوں کے مطابق خود کو ڈھال لیتا ہے، جس سے یہ تیز رفتار اور روایتی دونوں نیٹ ورکس پر چل سکتی ہے۔ اس ٹرین میں چار ڈبے ہیں، جن میں ابتدائی دو فرسٹ کلاس جبکہ باقی دو اکانومی کلاس کے لیے مخصوص ہیں۔
ادھر اریو کی مالک اطالوی سرکاری ریلوے کمپنی ٹرین اٹالیا نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی کی ذیلی تنظیم فیرروویے دیلو اسٹیٹو اٹالیانے جاری بیان میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔