جیب کترے کا پولیس اہلکار کی پستول چھین کر اس پر فائر کرنے کی کوشش کی ناکام

میڈرڈ(دوست نیوز)گزشتہ پیر کو ایک جیب کترا نے گران ویا میٹرو اسٹیشن پر ایک نیشنل پولیس اہلکار کی پستول چھین لی اور اس پر فائر کرنے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہا۔ بعد ازاں، اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ معلومات میڈرڈ کی پولیس کی اعلیٰ کمانڈ کی ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی
یہ واقعہ 30دسمبر کی شام 5 بجے کے قریب پیش آیا۔ پولیس اہلکار سادہ لباس میں تھے اور اسٹیشن دیل آرتے سے دو مشتبہ افراد کا تعاقب کر رہے تھے، جو میٹرو لائن 1 میں کئی مسافروں کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جب وہ گران ویا اسٹیشن پر پہنچے تو اہلکاروں نے انہیں شناخت کرنے کی کوشش کی۔اسی دوران ایک ملزم بھاگ گیا، جس کا ایک پولیس اہلکار نے پیچھا کیا۔ دوسرا شخص دوسرے اہلکار کے ساتھ رہ گیا۔ اسی دوران اس نے پولیس اہلکار کی پستول چھین لی اور اس پر فائر کرنے کی کئی بار کوشش کی، لیکن اسلحہ کا سیفٹی لاک نہ کھولنے کی وجہ سے فائر نہ کر سکا۔
پولیس اہلکار نے مزاحمت کرتے ہوئے اس سے اسلحہ واپس چھین لیا۔ ملزم نے سخت مزاحمت کی، لیکن دوسرے پولیس اہلکار کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
گرفتار ہونے والا ملزم 25 سالہ چلی کا شہری ہے، جس کے قبضے سے متعدد موبائل فونز اور کریڈٹ کارڈز برآمد ہوئے۔ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔