پاکستانی رائیڈر محمد اشفاق، میلانو حادثے میں جاں بحق

اٹلی(میاں آفتاب احمد۔میلانو، 31 دسمبر 2024)محمد اشفاق، 45 سالہ گلوو کا رائیڈر، 30 دسمبر کی شام میلانو کے کومیلکو اور کیڈورے سڑکوں کے سنگم پر پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
حادثہ ایک سگنل چوک پر پیش آیا۔ محمد اشفاق اپنی الیکٹرک سائیکل پر جا رہے تھے کہ ایک گاڑی سے ان کا تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ زمین پر جا گرے اور ان کے سر پر شدید چوٹ آئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر 118 ایمبولینس کے ذریعے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کی مکمل تفصیلات جانچ کے بعد سامنے آئیں گی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، گاڑی پیازالے لیبیا کی طرف سے ویاف انفوسی کی طرف جا رہی تھی اور چوک پر پہنچتے ہی سائیکل سوار سے ٹکرا گئی۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور سگنل پر سبز روشنی کے دوران گزر رہا تھا۔ 43 سالہ ڈرائیور کے نشے یا شراب کے استعمال کی بھی جانچ کی گئی، جو منفی رہی۔
محمد اشفاق کے حادثے نے میلانو میں سڑکوں پر رائیڈرز کی حفاظت کے بارے میں ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ 2024 میں میلانو کی سڑکوں پر ہونے والا 27واں جانی نقصان ہے۔ اس سے قبل جون میں ایک اور رائیڈر، 34 سالہ عدنان قاسم، بھی ایک حادثے میں جاں بحق ھو گیا تھا