NIE اور TIE اپائنٹمنٹ بحران شدت اختیار کر گیا
Screenshot
بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا میں NIE اور TIE کے لیے درکار سرکاری اپائنٹمنٹ سسٹم شدید بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ ‘سیتا پریویا’ حاصل کرنا اس حد تک مشکل ہو گیا ہے کہ بیشتر غیر ملکی درخواست گزار یا تو غیر قانونی ویب سائٹس سے اپائنٹمنٹ خریدنے پر مجبور ہیں یا وکلا اور جیستورز کو فیس ادا کر رہے ہیں۔
کاتالان نیوز کی تحقیق کے مطابق درجنوں متاثرہ افراد میں سے صرف دو ہی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپائنٹمنٹ حاصل کر سکے۔ اکثر افراد کا کہنا ہے کہ کئی ماہ کی مسلسل کوششوں کے باوجود ویب سائٹ ایرر دیتی ہے یا اپائنٹمنٹ دستیاب ہی نہیں ہوتی۔
ماہرین اس صورتحال کی وجہ بوٹس کے استعمال، کمزور تکنیکی نظام اور شناخت کی مؤثر تصدیق نہ ہونے کو قرار دیتے ہیں، جس کے باعث ایک مفت سرکاری سہولت عملی طور پر پیسے کی سروس بن چکی ہے۔ بلیک مارکیٹ میں اپائنٹمنٹس 40 سے 200 یورو تک فروخت ہو رہی ہیں۔
خاندانوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ہر فرد کے لیے الگ اپائنٹمنٹ درکار ہوتی ہے، جس سے اخراجات اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہسپانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ نظام کام کر رہا ہے اور صبر کے ساتھ ہر شخص کو اپائنٹمنٹ مل جاتی ہے، تاہم متاثرہ افراد کے مطابق حقیقت اس کے برعکس ہے۔
مسئلے کے پیش نظر کاتالونیا میں ایک پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت رہائشی اجازت نامہ ملنے کے بعد TIE اور فنگر پرنٹس کے لیے اپائنٹمنٹ خودکار طور پر دی جائے گی۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ اپائنٹمنٹ حاصل کرنے میں گھنٹوں اور مہینوں کی پریشانی ہوتی ہے، جبکہ دفتر جا کر اکثر چند منٹ میں کام ہو جاتا ہے، جو اس نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔