سعودی عرب میں خوش ہوں، نئی زندگی کا آغاز کیا ہے: کرسٹیانو رونالڈو

پرتگالی فٹبال سٹار اور سعودی کلب النصر کے پلیئر کرسٹیانو رونالڈو کو مملکت میں آئے ہوئے دو برس مکمل ہو چکے ہیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنے اب تک کے سفر کو بیان کیا ہے۔
فٹبال سٹار کا کہنا ہے کہ ’اس خوبصورت ملک میں نئی زندگی کا آغاز ہوا ہے۔‘رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا میں خوش ہوں، میرا خاندان خوش ہے، ہم نے اس خوبصورت ملک میں ایک نئی زندگی کا آغاز کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’میرے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ لیگ کو ترقی کرتا دیکھوں، اس میں متعدد کھلاڑی شامل ہوں اور بہترین مقابلے ہوں۔ یہ محض کھلاڑیوں کی حد تک نہیں بلکہ میرا خواب ہے کہ ملک اس حوالے سے مثالی ترقی کرے اور دیگر لیگ کے ساتھ خوبصورت مقابلے ہوں۔‘
النصر کلب کے ساتھ یادگار لمحات کے سوال پر رونالڈو کا کہنا تھا ’الھلال کے ساتھ پہلا فائنل جو کہ 2023 میں کنگ سلمان کپ کے لیے کھیلا گیا، انتہائی دلچسپ اور پرجوش تھا۔‘
النصر نے وہ میچ جو طائف کے کنگ فہد سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا 1-2 سے جیتا تھا۔ رونالڈو کے دو گولز نے چیمپیئن شپ کا ٹائٹل النصر کو دلایا، یہ دونوں گول اس وقت ہوئے جب الھلال کی جانب سے النصر کے خلاف ایک گول ہو چکا تھا۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیا برس النصر کےلیے اچھا ہو گا۔ النصر کے لیے اے ایف سی چیمپیئنز لیگ جیتنا چاہتا ہوں۔