بارسلونا میں ٹیکسی ڈرائیور جو پروفیشنل گلوکار بھی ہے،جیسولے فرناندیز کی منفرد شناخت
Screenshot
بارسلونا میں ٹیکنو فلیمینکو گلوکار اور پیشے کے اعتبار سے ٹیکسی ڈرائیور جیسولے فرناندیز اپنی منفرد شناخت کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ وہ ایک طرف ملک بھر میں اسٹیج پر پرفارم کرتے ہیں اور دوسری جانب بارسلونا کی سڑکوں پر مسافروں کو منزل تک پہنچاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں پیشوں سے یکساں محبت کرتے ہیں اور اگر موسیقی سے مکمل روزگار بھی حاصل ہو جائے تو بھی ٹیکسی چلانا نہیں چھوڑیں گے۔
تیرراسا کے رہائشی جیسولے روزانہ بارسلونا آ کر ٹیکسی چلاتے ہیں۔ وہ اسے محض ملازمت نہیں بلکہ شوق قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق مسافروں سے گفتگو اور سیکھنے کا موقع انہیں پسند ہے، حتیٰ کہ انہوں نے ٹیکسی میں کام کرتے ہوئے انگریزی بھی سیکھی۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ مسافر گاڑی سے پہلے سے زیادہ خوش ہو کر اتریں۔
اس وقت ان کے اسپاٹی فائی پر دو لاکھ سے زائد ماہانہ سامعین ہیں اور وہ میڈرڈ، بلباؤ، مایورکا اور سبادیل سمیت مختلف شہروں میں ہر ماہ ایک یا دو کنسرٹس کرتے ہیں۔ اسٹیج پر جانے سے قبل وہ شطرنج کی دو تین بازی کھیلنے کو اپنا خاص معمول قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے وبا کے بعد باقاعدہ طور پر اپنے گانے ریکارڈ کروانا شروع کیے اور اب تک تقریباً تیس گانے پیش کر چکے ہیں، جن میں اصل تخلیقات اور نئے انداز میں پیش کی گئی دھنیں شامل ہیں، سب ٹیکنو فلیمینکو طرز میں۔

جیسولے کے مطابق ٹیکسی ان کی پرانی خواہش تھی۔ وہ بتاتے ہیں کہ کبھی کنسرٹ سے واپسی کے چند گھنٹوں بعد بھی صبح تین بجے اٹھ کر ڈیوٹی پر چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکسی انسان کو مختلف لوگوں اور زبانوں سے روشناس کراتی ہے اور زندگی کا عملی تجربہ فراہم کرتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے وزٹنگ کارڈ کے بھی دو رخ ہیں۔ ایک طرف بطور ٹیکسی ڈرائیور رابطہ نمبر درج ہے اور دوسری طرف بطور گلوکار تفصیلات۔ وہ اکثر ٹیکسی میں اپنے گانوں کی مشق بھی کرتے ہیں اور بعض اوقات مسافروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات ان کے گانوں کا حصہ بن جاتے ہیں۔