عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں سید ذوالقرنین شاہ کا گرینڈ افطار ڈنر
بارسلونا(دوست نیوز)رمضان المبارک میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے جاوید مغل،محمد اقبال چوہدری،راجہ مظہر حسین،سہیل تنزیل رانجھا،نصراللہ بجاڑ،بختاور ورک،میاں یاسر گراٹیاں،سید فرہاد حسین شاہ کے اعزاز میں پاکستان فورم اسپین کے صدر سید ذوالقرنین شاہ کی جانب سے مونال ریسٹورنٹ پر پرتکلف افطار ڈنردیا گیا۔جس میں تمام مکتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی

سید ذوالقرنین شاہ نے اپنے زائرین عمرہ کو عزت واحترام دیتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور اسٹیج پر بٹھایا
افطار ڈنر میں موجود تمام افراد نے زائرین عمرہ کو عمرہ کی مبارک سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا

افطار ڈنر کے فوری بعد بابرکت تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت محمد عمران،مظہر حسین راجہ اور قدیراے خان نے حاصل کی،جبکہ نظامت کے فرائض حافظ احمد نے سرانجام دئیے۔

افطار ڈنر میں سابق سفیر سید ایاز حسین ،علامہ عبدالرشید شریفی،چوہدری امانت وڑائچ نے خصوصی شرکت کی۔پاکستان کی سلامتی اور دنیا میں امن کی اجتماعی دعا علامہ عبدالرشید شریفی نے کرائی

اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے افطار ڈنر کے میزبان سید ذوالقرنین شاہ نے کہا کہ میں اپنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو آج میری دعوت پر یہاں آئے انہوں نے عمرہ زائرین کے لئے کہا کہ یہ خوش قسمت لوگ ہیں جو اللہ اور اس کے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھر سے آئے ہیں۔اللہ سبحانہ تعالی ان کی عبادات کو قبول فرمائے اور جو جو دعائیں ملک وقوم اور دوستوں کے لئے کی ہیں اللہ قبول ومنظور فرمائے آمین

سید ذوالقرنین شاہ نے کہا کہ یہ تقریب بارسلونا میں اپنی نوعیت کی واحد اور پہلی تقریب ہے جس میں اتنی بڑی تعداد عمرہ زائرین نے شرکت کی اور میری بھی خوش قسمتی ہے کہ بارسلونا میں مقیم پاکستانیوں کے تمام مکتب فکر کے افراد میری دعوت پر یہاں تشریف فرما ہیں میں ان تمام احباب کی محبت کا مقروض ہوں اور دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔