بارسلونا میں مساجد اور کھلے میدانوں میں بڑے پیمانے پر نماز عیدالفطر ادا کی گئی
بارسلونا میں فیضان مدینہ، ابوبکر مسجد، ابراہیم مسجد، کلوت اسلامک سنٹر، الرضوان اسلامک سنٹر، دارالعرفان اسلامک سنٹر، مسجد کرم الہی اور منہاج القرآن کے زیراہتمام

مساجد، اسپورٹس ہالز اور کھلے میدانوں میں نماز عیدالفطر کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ہزاروں اہل اسلام نے شرکت کی اور رب کے حضور سجدہ شکر ادا کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام بادالونا میں کھلے آسمان تلے نماز عید ادا کی گئی، جس میں بادالونا اور اس کے گردونواح سے بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ قاری عطا المصطفی اور علامہ خرم اویس نے نماز عید کی امامت کی اور عید کا خطبہ پڑھا، جس میں رمضان المبارک کے ماہ مقدس کے بعد عید الفطر کی فضیلت بیان کی گئی اور عالم اسلام کی بقا و سلامتی، پاکستان اور سپین کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعا کی گئی۔ فلسطین، کشمیر اور ایران کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

انتظامیہ نے قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا، محترم مراد علی وزیر اور ویلفیئر اتاشی جناب چوہدری سالک گوندل کو بڑے اجتماعات میں خوش آمدید کہا۔ قونصل جنرل مراد علی وزیر نے پیغام دیا کہ سب مل کر اپنے ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں،

دہشتگردی کے خلاف لڑنے والوں کا ساتھ دیں، اور سوشل میڈیا پر تنقید یا گالم گلوچ سے پرہیز کریں۔ قونصل جنرل نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔ ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک گوندل نے کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور نماز عید کے بعد لوگوں کو مبارکباد دی۔

خصوصی طور پر بچے والدین کے ہمراہ نماز عید میں شریک تھے، خوشی و مسرت کا اظہار کر رہے تھے اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے تھے۔
