دلہا نے اپنی شادی کے موقعے پر دلہن سمیت کئی مہمانوں کو قتل کرکے خود کشی کرلی
تھائی لینڈ میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے قتل عام نے پورے ملک میں غم وغصے اور صدمے کی لہر دوڑا دی۔
تھائی دلہن کو یہ معلوم تھا کہ اس کا ہونے والا دلہا ہی عین شادی جیسے خوشی کے موقعے پر اسے موت کے گھاٹ اتار دے گا۔
شادی میں قتل عام
تھائی لینڈ میں شادی کے قتل عام کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے، جب ایک ’نشے میں دھت دُلہا‘ نے اپنی دلہن اور مہمانوں کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ ہفتہ کی رات تقریباً 11.25 بجے شمال مشرقی تھائی لینڈ کے علاقے وانگ نم کھیو کے ایک گھر میں پیش آیا، جہاں 29 سالہ چترونگ سوکسوک اور 44 سالہ کنچنا پچونتھوک کی شادی ہو رہی تھی۔
تقریبات کے دوران مہمانوں اور رشتہ داروں نے دیکھا کہ چترونگ نامی ایک سابق فوجی اپنی دلہن کے ساتھ جھگڑے کے بعد غصے میں نظر آ رہا ہے۔ وہ پنڈال سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف گیا اور 9 ایم ایم پستول لے کر واپس آیا اور پھر فائرنگ کر دی جس سے دلہن ہلاک ہو گئی۔
فائرنگ سے لڑکی کی ماں 62 سالہ کینگتھونگ کلاجورو اور اس کی بہن اڑتیس سالہ کورنیکا ہلاک ہوگئیں۔
اس موقعے پرکچھ گولیاں دو دیگر مہمانوں کو بھی لگیں۔ ان میں سے ایک 50 سالہ تھونگ نونکھونتھود ہلاک اور 28 سالہ بامرنگ چتیراٹ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 11 گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جب کہ ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر گھاس اور خون کے تالابوں پر کئی لاشوں کے تھیلے پڑے ہیں۔