یورپ میں کشمیری کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے “کشمیر ایکشن کمیٹی یورپ” کے قیام کا فیصلہ

4d599fb2-10e7-4512-9d88-37a48c8a915e

یورپ میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیری کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے “کشمیر ایکشن کمیٹی یورپ” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مختلف یورپی ممالک میں مقیم کشمیری رہنماؤں، سماجی شخصیات اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کا بنیادی مقصد یورپی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کے سامنے کشمیری عوام کے مسائل کو منظم انداز میں پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، حقِ خودارادیت اور کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

ابتدائی مشاورت میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، بیلجیئم، اٹلی اور اسپین سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کشمیری نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ یورپ میں مقیم کشمیریوں کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے لیے منظم اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ایک مرکزی کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں کشمیر ایکشن کمیٹی یورپ کے باضابطہ قیام، تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ کمیٹی نوجوان نسل کو بھی متحرک کرے گی تاکہ نئی نسل کو کشمیر کاز سے جوڑا جا سکے۔

یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں کشمیر سے متعلق سرگرمیوں اور عوامی ایکشن کمیٹیوں کی اہمیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ مختلف فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جا رہی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے