قونصل خانہ بارسلونا میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب،بھارتی مظالم کی عکاسی کرتی تصاویر کی نمائش

بارسلونا(دوست نیوز)پاکستان قونصل خانہ بارسلونا کے زیراہتمام پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔تقریب سے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔میڈرڈ میں پاکستانی سفیر محترم ڈاکٹر ظہور احمد کا ویڈیو پیغام دکھایا گیا۔ چھوٹی بچی نے کشمیری نغمہ سنا کر ہال میں موجود شرکاء کو غمگین کردیا۔

تقریب میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر مبنی تصاویر کی نمائش کی گئی
تقریب میں اکستانی کمیونٹی کی سیاسی جماعتوں سمیت ہر مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی

وائس آف کشمیر کا خطاب پانے والے اور صدر ندائے کشمیر ایسوسی ایشن راجہ مختار احمد سونی نے کہا کہ جو کوئی بھی پروگرام آپ کرتے ہیں اس کو مستقل طور پر جاری رکھیں جو بھی کشمیر کے اوپر کانفرنس کرتا ہے، ریلی نکالتا ہے کوئی سمینار پر آتا ہے اس کو بھر پور سپورٹ کریں کیونکہ آپ کے بہن بھائی مقبوضہ کشمیر کے اندر اپنا خون دے کر اس تحریک کو زندہ رکھے ہوئے ہیں آپ نے صرف اپنی زندگی میں سے ایک گھنٹہ دینا ہے اور جب بھی قونصل جنرل بلائیں تو ضرور حاضری لگوائیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے خود کو مضبوط کرنا ہوگا جس کے لئے ہمیں تمام سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر پاکستانی کی شناخت کرانا ہوگی پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔

تحریک کشمیر اسپین کے صدر محمد شفیق تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ باتیں تو سبھی کرتے ہیں لیکن ہمیں مسئلہ کشمیر کو کیسے اجاگر کرنا ہے اس بات پر سوچنا ہوگا؟ گورنمنٹ آف پاکستان کی کچھ مجبوریاں ہوسکتی ہیں کچھ انٹرنیشنل قوانین آڑے آسکتے ہیں لیکن ہم آزاد ہیں اور ہمیں اس مسئلہ پر کھل کر کام کرنا چاہئیے

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت چاہتا ہے کہ کشمیریوں کے اندر ،آزاد کشمیر کے لوگوں کے اندر، پاکستان کی نفرت پھیلائی جائے لیکن وہ انشاءاللہ تعالی اس کے اندر کبھی کامیاب نہیں ہوگا

آج بھی جہاں مقبوضہ آزاد کشمیر کے اندر لائن آف کنٹرول کے اوپر جہاں پہ پاکستانی فوج ہے وہاں پہلا مورچہ پاکستانی فوج کا ہے اور سیکنڈ مورچہ مقامی آبادی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اسپام آباد مضبوط نہیں ہوتا اس وقت تک کشمیر آزاد نہیں ہوسکتا،ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

پاک فیڈریشن اسپین کے صدر فیض اللہ ساہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت نے جبر کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ اقبال کے نظریہ کے مطابق کشمیر آزاد ہوگا کشمیر آزاد ہوگا انشاءاللہ کشمیر آزاد ہوگا۔ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی قوم کا ایک تاریخی اور اصولی موقف ہے،کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور پاکستان کی شہ رگ ہے۔فیض اللہ ساہی نے کہا کہ یوم یک جہتی کشمیر کا دن ایک قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔یہ دن کشمیریوں کی اُس جنگِ آزادی کے ساتھ پاکستانی عوام کی یکجہتی اور حمایت کی یادگار اور علامت بن چکاہے۔

سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا کے رہنما خوسے ماریا سالا نے کہا بہت، بہت سالوں سے، کشمیر میں کشمیری بہت ہی خراب صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ اپنی آواز بلند کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ اپنی مرضی کا اظہار کرنے کے لیے تیار ہیں، اور وہ اپنی مرضی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں—اپنی مرضی کہ وہ پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں یا کم از کم یہ فیصلہ ووٹ کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں کہ وہ مستقبل میں کیا بننا چاہتے ہیں۔ لیکن ہندوستانی حکومتوں کی طرف سے انہیں اپنی مرضی کے اظہار کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ہم یہاں پوری عالمی برادری سے یہ کہنے کے لیے موجود ہیں کہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے اظہار کا موقع ملنا چاہیے۔

خوسے ماریا سالا نے اپنے خطاب میں حافظ عبدالرزاق صادق ،محمد اقبال چوہدری کی کشمیر کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کشمیری رہنماء راجہ مختار احمدسونی کو "وائس آف کشمیر” قرار دیا۔

قونصل جنرل مراد علی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ندائے کشمیر ائسوسی ایشن کے صدر راجہ مختار احمد سونی تحریک کشمیر اسپین کے صدر محمد شفیق تبسم،ملک محمد شریف اور اسی طرح دیگر جن میں پاک فیڈریشن اسپین،منہاج القرآن اسپین پاک کاتالان فیڈریشن کے صدر خالد شہباز چوہان،پاک گوندل گروپ کے چوہدری شہباز کھٹانہ چوہدری محمد عاصم گوندل شامل ہیں سب کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری آج کے پروگرام کے لئے کوشش تھی کہ تمام تنظیمات کی شرکت کو یقینی بناتے اور ہم اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں میں ذاتی طور پر ان سب سے اپیل کروں گا کہ وہ تحریک کشمیر کو یہاں کی کاتالان پارلیمنٹ تک لے کر جائیں اور اپنے مظلوم کشمیریوں کے بازو بنیں اور ہم آواز ہوکے اپنے بہن بھائیوں کی آواز بنیں اور یہ کے یہاں کہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے اس کو دنیا کے سامنے لائیں ،آپ سب لوگوں کا آنا یقیناً اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے کشمیری بہن بھائی جو مظالم کو سہتے ہیں ان کے لئے دنیا کے اس کونے میں آواز اٹھانا بہت بڑا جہاد ہے اور یہ آواز ہم اٹھاتے رہیں گے۔

تقریب میں صدر پاک فیڈریشن اسپین فیض اللہ ساہی،پاک کاتالان فیڈریشن کے صدر خالدشہباز چوہان،صدر مسلم لیگ ن اسپین حاجی راجہ اسد حسین،صدر کسال ایسوسی ایشن حافظ عبدالرزاق صادق ،پاک گوندل گروپ کے روح رواں چوہدری عاصم گوندل،چوہدری شہباز کھٹانہ،صدر پاکستان پیپلز پارٹی اسپین چوہدری اشتیاق حسین،راجہ بشارت علی،راجہ ساجد محمود،کشمیری رہنما ملک محمد شریف،مسلم لیگی رہنما ایاز محمود عباسی ،چوہدری امتیاز لوراں ،سابق سفیر سید ایاز حسین،راجہ مختار احمد سونی،جاوید گل،محمد اقبال چوہدری،پرویز اختر جانی،محمد شیراز بھٹی،شہزاد اصغر بھٹی ،جاوید مغل اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں