دو روز قبل نکاح کے بندھن میں بندھنے والی عالیہ ریاض کی ٹیم کے ہمراہ بھرپور ٹریننگ
دو روز قبل نکاح کے بندھن میں بندھنے والی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے پاکستان ٹیم کے ہمراہ بھرپور ٹریننگ کی۔ مہندی لگے ہاتھوں سے بیٹنگ بھی کی اور بولنگ بھی کروائی۔
ہاتھوں پر مہندی، چہرے پر مسکراہٹ لیے پاکستان ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض ٹریننگ کرنے نیشنل اسٹیڈیم پہنچیں۔
دو روز قبل ان کا نکاح سابق کپتان وقار یونس کے بھائی سے ہوا جس کے فوری بعد انہوں نے پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیا اور ٹیم کے ہمراہ بھرپور ٹریننگ کی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کےلیے پاکستان ٹیم نے تین گھنٹے کا بھرپور سیشن کیا جس میں فزیکل ٹریننگ کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور کیچز کی پریکٹس کی۔
سابق کپتان بسمعہ معروف نے بھی فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا، وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شرکت کریں گی۔ کراچی میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے سبب ان کی شرکت فٹنس سے مشروط تھی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان وائٹ بال کے 8 میچز کھیلے جائیں گے جو تمام کے تمام کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ہوں گے۔ سیریز کا پہلا ون ڈے مقابلہ 18 اپریل کو ہوگا۔