اللّٰہ کی ذات کے بعد شریف فیملی سے امید ہے، عمر اکمل
پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتادیں۔
عمر اکمل نے اپنی اہلیہ سمیت نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں ان سے مریم نواز اور نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
عمر اکمل سے پوچھا گیا کہ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجائے نواز شریف سے ملاقات کیوں کی۔
عمر اکمل نے جواب دیا کہ انسان کے ذاتی تعلقات ہوتے ہیں، میں شریف فیملی سے کسی میٹنگ کے لیے نہیں گیا تھا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مریم نواز، شہباز شریف اور نواز شریف صاحب سے میں نے جب ملاقات کی خواہش کی تو انہوں نے مجھے وقت دیا۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں مسائل تھے، میں کیس جیت گیا تھا لیکن کرکٹ پھر بھی نہیں مل رہی، کچھ لوگ مجھ سے بہت پرسنل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں شریف خاندان کے پاس درخواست لے کر گیا تھا، انہیں اپنی کارکردگی دکھائی، مجھے اللّٰہ کی ذات کے بعد شریف فیملی سے امید ہے۔
عمر اکمل کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے یہ لوگ میرے مسائل جلد حل کریں گے اور مجھے موقع ملا تو جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آؤں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں عمر اکمل نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔