چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے نیوزی لینڈکرکٹ کے سی ای او کی ملاقات
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسکاٹ وین انک نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز اور اگلے برس نیوزی لینڈ میں کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے برس چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان آمد پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نیوزی لینڈ کرکٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیوی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی بے حد عزیز ہے۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، کیوی کھلاڑی ہمارے معزز مہمان ہیں ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ذاتی طور پر تمام انتظامات اور سیکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان میں شاندار انتظامات کو سراہا اور محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ دونوں جگہ بہترین انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 3 ملکی سیریز کھیلنے چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان آئے گی۔
اس ملاقات میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی موجود تھے۔