پاکستان، ویسٹ انڈیز خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل کھیلا جائے گا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کل (جمعہ) سے کراچی میں شروع ہوگی۔ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سپر سیریز کے میچز براہ راست نشر کرے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونیوالی ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کے کلین سوئپ کے بعد اب پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہتر نتائج کیلیے پر امید ہے۔ جمعہ کو ہونیوالے پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل دونوں ٹیموں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی جس کے دوران اپنے کھیل میں نکھار پیدا کرنے کیلئے مختلف ڈرلز کیں۔
پاکستان کی کپتان ندا ڈار کہتی ہیں کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان اچھا نہیں کھیل سکا لیکن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا رکارڈ بہتر ہے اور ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کہتی ہیں کہ ون ڈے سیریز کی جیت کے مومینٹم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کی ۔ پانچ میچز کی سیریز 26 اپریل سے 3 مئی تک جاری رہے گی۔