اسرائیل کا سپین کو یکم جون سے فلسطینیوں کے لیے قونصلر خدمات بند کرنے کا حکم
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے پیر کو کہا کہ میڈرڈ کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر اس نے یروشلم میں ہسپانوی قونصل خانے سے کہا ہے کہ وہ یکم جون سے فلسطینیوں کو قونصلر خدمات فراہم کرنا بند کر دے۔
وزارت نے کہا کہ یروشلم میں سپین کا قونصل خانہ "صرف یروشلم کے قونصلر ضلع کے رہائشیوں کو قونصلر خدمات فراہم کرنے کا مجاز ہے اور فلسطینی اتھارٹی کے رہائشیوں کو خدمات فراہم کرنے یا قونصلر سرگرمی انجام دینے کا مجاز نہیں ہے۔”
وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ہدایت یکم جون سے نافذ العمل ہو گی۔
وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے ایک الگ بیان میں کہا کہ "ہسپانوی حکومت کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بعد آج میں نے یروشلم میں ہسپانوی قونصل خانے کے خلاف ابتدائی تعزیری اقدامات نافذ کیے ہیں۔”
نیز انہوں نے کہا، "ہم اسرائیل کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچنا برداشت نہیں کریں گے۔”
سپین ان یورپی ممالک میں سے ایک ہے جو غزہ کی جنگ پر اسرائیل پر سب سے زیادہ تنقید کرتا رہا ہے۔
گذشتہ ہفتے اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے 28 مئی بروز منگل سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا جس پر انہیں اسرائیل کی طرف سے سخت سرزنش کا سامنا ہے۔