اسرائیل نے اسپین کے القدس قونصل خانے پر پابندیاں لگا دیں
قونصل خانے کی حیثیت کو بین الاقوامی قانون کی ضمانت حاصل ہے اور یہ حیثیت یک طرفہ شکل میں تبدیل نہیں کی جا سکے گی: اسپین
اسپین کی حکومت نے ، فلسطین کو تسلیم کرنے کے بعد، اسرائیل کی طرف سے اسپین کے القدس قونصل خانے پر لگائی گئی پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔
اسپین کے وزیر خارجہ منیوئیل الباریس نے ‘اوندا سیرو’ریڈیو کے لئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم نے اسرائیلی حکام کو موضوع سے متعلق نوٹ بھیجا ہے۔
نوٹ میں اسرائیل سےفیصلہ واپس لینے کی اپیل کی گئی اور کہا گیا ہے کہ "اسپین، القدس قونصل خانے کی معمول کی سرگرمیوں پر لگائی گئی پابندیوں کو مسترد کرتا ہے۔ قونصل خانے کی حیثیت کو بین الاقوامی قانون کی ضمانت حاصل ہے اور یہ حیثیت یک طرفہ شکل میں تبدیل نہیں کی جا سکے گی”۔
واضح رہے کہ اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے 28 مئی کو سرکاری سطح پر فلسطین کو تسلیم کر لیا تھا۔
جواباً اسرائیل وزارت خارجہ نے اسپین کے خلاف تعزیراتی تدبیر اختیار کی اور اسپین کے القدس قونصل خانے سے مطالبہ کیا تھا کہ یکم جون سے فلسطینیوں کے لئے خدمات بند کر دی جائیں۔