فرانسیسی کھلاڑی کلین ایمباپے نے ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ جوائن کرلیا
سالوں کے طویل انتظار کے بعد فرانسیسی کھلاڑی کلین ایمباپے نے فری ایجنٹ کے طور پر ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ جوائن کرلیا ہے۔
کلین ایمباپے جوکہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے وابستہ تھے، نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ سیزن کے اختتام پر وہ پی ایس جی چھوڑ دیں گے۔
گزشتہ شب ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ نے ایمباپے کے ٹرانسفر کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں لکھا کہ، ’ریال میڈریڈ اور کلین ایمباپے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت وہ ریال میڈریڈ کے ساتھ 5 سیزن کھیلیں گے‘۔
خبررساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق چونکہ ایمباپے کے ساتھ پی ایس جی کا معاہدہ ختم ہوچکا تھا اس لیے ان کا ریال میڈریڈ میں فری ٹرانسفر ہوا یعنی ریال میڈریڈ کو ایمباپے کو خریدنے کے لیے ان کے سابقہ کلب کو کئی رقم ادا نہیں کرنی پڑنی۔
البتہ رپورٹ کے مطابق فرانسیسی کھلاڑی نے ہسپانوی کلب کے درمیان ایک کڑور 50 لاکھ یوروز سالانہ کا معاہدہ طے ہوا ہے جبکہ کلب سے مذاکرات کے بعد اس سالانہ ادائیگی میں تبدیلی بھی آسکتی ہے۔
25 سالہ اسٹار فٹبالر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لکھا، ’میرا خواب سچ ہوگیا ہے اور میں اپنے خوابوں کے کلب کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر محسوس کررہا ہوں‘۔
اس موقع پر ریال میڈریڈ نے ’ویلکم ایمباپے‘ کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں فرانسیسی کھلاڑی کے تمام بہترین گولز دکھائے گئے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے کہ جب 2 جون کو یو اے فا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈریڈ بروشیا ڈروٹمنڈ کو 0-2 شکست دے کر ریکارڈ 15ویں بار کلب فٹبال کا سب سے بڑا اعزاز جیت چکی ہے، جس کے بعد اسے بلاشبہ دنیا کا سب سے بہترین کلب قرار دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل کلین ایمباپے 2017ء میں فرانسیسی کلب موناکو سے وابستہ تھے جہاں سے پی ایس جی میں ان کا ٹرانسفر 18 کروڑ یوروز میں ہوا تھا جوکہ اس وقت 20 سال سے کم عمر کسی کھلاڑی کے ٹرانسفر کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔
پیرس کے لیے کھیلتے ہوئے متعدد بار یہ چہ مگوئیاں ہوئیں کہ وہ ریال میڈریڈ جوائن کررہے ہیں لیکن پیرس نے ان کی تنخواہ میں اضافہ کرکے بار بار انہیں روک لیا، جبکہ یہ خبریں بھی سننے میں آئیں تھیں کہ رواں سال کے آغاز میں ہی ان کے اور ریال میڈریڈ کے درمیان معاملات طے ہوچکے تھے لیکن یہ اعلان اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ چیمپیئنز لیگ کوارٹر فائنل میں ریال میڈریڈ اور پی ایس جی کا ٹاکرا ممکن تھا لہٰذا اس اعلان کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہونے کا انتظار کیا گیا۔
یاد رہے کہ کلین ایمباپے نے 19 سال کی عمر میں 2018ء کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا جہاں ان کے گول نے فرانس کو ورلڈ کپ چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وہ برازیلی لیجنڈ پیلے کے بعد 20 سال سے کم عمر دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں فائنل میں گول اسکور کیا۔
22ء کے قطر فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور فرانس کے مابین کھیلے گئے فائنل میں جب ارجنٹینا یک طرفہ طور پر جیت رہی تھی تب کلین ایمباپے نے شاندا ہیٹ ٹرک اسکور کرکے فرانس کو فتح کے قریب کیا تھا، اس عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گولز اسکور کرنے پر انہیں گولڈن بوٹ سے نوازا گیا تھا۔
فرانسیسی کلب کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے 7 سیزن میں 6 بار فرانسیسی ٹورنامنٹ لیگ ون جیتا۔ ساتھ ہی 255 گولز کے ساتھ وہ پی ایس جی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
رواں سال اگست یا ستمبر میں شروع ہونے والے کلب سیزن میں کلین ایمباپے فٹبال شائقین کو ریال میڈریڈ کے ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔