یورپین یونین میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کی بارسلونا میں سائنس اینڈ ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت
یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والی سائنس اور ڈپلومیسی سمٹ میں شرکت کی۔
اس دوران سفیر پاکستان نے ناصرف ‘سماجی ترقی میں سائنس ڈپلومیسی کا کردار’ کے عنوان سے کانفرنس کے ایک پینل ڈسکشن میں حصہ لیا بلکہ بارسلونا کے ایس اینڈ ٹی سمر اسکول کی ایک ماسٹر کلاس کو لیکچر بھی دیا۔
اس پینل ڈسکشن اور ماسٹر کلاس لیکچر میں سفیر پاکستان نے جن موضوعات پر گفتگو کی ان میں ‘سفارت کاری کے ساتھ ساتھ سائنس ڈپلومیسی میں متبادل فہم، بین الاقوامی منظر نامے میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور اس سارے عمل میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا کردار، شامل تھے۔
واضح رہے کہ اس سائنس ڈپلومیسی سمٹ کا اہتمام بارسلونا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈپلومیسی ہب نے کیا تھا۔
یہ ایک ایسی اہم غیر منافع بخش پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہے جو بارسلونا کو دنیا بھر میں اپنے علم اور اختراعی ماحولیاتی نظام کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک زیادہ بااثر کھلاڑی بنانے اور دیگر شہروں کےلیے سائنس ڈپلومیسی میں ایک عالمی لیب کے طور پر نمایاں کرنے کے خواہشمند ہیں۔
اس عمل میں انہیں معروف تحقیقی مراکز، یونیورسٹیوں، این جی اوز، مختلف اسٹارٹ اپس، کارپوریشنز اور عوامی اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔