اسپین: دنیا کی معمر ترین خاتون کا 117 برس کی عمر میں انتقال

دنیا کی معمر ترین انسان ماریہ برینیاس موریرا منگل کو 117 برس کی عمر میں سپین میں انتقال کر گئیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ماریہ برینیاس موریرا امریکہ میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں دونوں عالمی جنگیں دیکھیں۔
جنوری 2023 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے فرانس کے لیوسل رینڈم کے 118 سال کی عمر میں انتقال کے بعد ماریہ برینیاس کو باضابطہ طور پر دنیا کا معمرترین انسان تسلیم کر لیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ماریہ کی عمر 117 سال اور 168 دن تھی، وہ مجموعی طور پر انسانی تاریخ کی آٹھویں معمر ترین انسان تھیں۔
ماریہ کی فیملی نے ایکس پر ان کے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ماریہ برینیاس ہمیں چھوڑ گئیں۔ وہ اپنی خواہش کے مطابق نیند کے دوران پرامن طریقے سے جل بسیں۔ ہم ان کو ان کی محبت اور مشوروں کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
ماریہ برینیاس گزشہ دو دہائیوں سے سپین کے جنوبی خطے کیٹیلونیہ کے شہر اولوٹ کے سانٹا ماریہ ڈیل تورا نرسنگ ہوم میں رہ رہی تھیں۔
ماریہ نے پیر کو ایکس پوسٹ میں خبردار کیا تھا کہ وہ کمزوری محسوس کر رہی ہیں۔
’وقت قریب ہے۔ رونا مت کیونکہ مجھے آنسو پسند نہیں۔ اور میرے لیے پریشان نہیں ہونا۔ جب بھی میرا وقت پورا ہوگا تو میں خوش ہوں گا۔‘
ماریہ برینیاس کی موت کے بعد جاپان کے ٹومیکو ایٹوکا دنیا کے معمر ترین شخص بن گئے ہیں۔
ٹومیکو ایٹوکا 23 مئی 1908 کو پیدا ہوئے تھے اور اس وقت ان کی عمر 116 سال ہے۔
ماریہ برینیاس، جو کہ 1918 کے فلو، پہلی عالمی جنگ، دوسری عالمی جنگ اور سپین کی سول وار کے دوران زندہ رہیں، انہیں 2020 میں کورونا ہوا تھا۔ تاہم وہ کورونا سے جلد ہی صحت یاب ہوگئی تھیں۔
ان کی سب سے چھوٹی بیٹی روسا موریٹ نے ایک مرتبہ اپنی والدہ کی طویل عمر کا راز ان کی جینز کو بتایا۔
روسا موریٹ نے 2023 میں کیٹالان ٹیلی ویژن کو بتایا تھا کہ ’وہ کبھی ہسپتال نہیں گئیں اور نہ کبھی ان کی بڈی ٹوٹی، وہ بالکل تندرست ہیں۔‘
کیٹیلونیا کی مقامی حکومت کے سربراہ اور سابق وزیرصحت سلیویڈور ایلا نے ماریہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
’ہم نے ایک خوبصورت خاتون کو کھو دیا جس نے ہمیں زندگی کی قدرو قیمت سکھائی۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے