کینیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایکواڈور کے انٹیلی جنس چیف اہلیہ سمیت ہلاک ہو گئے، 5 امریکی شہری بھی اس حادثے میں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز کینیا کے شمالی علاقے میں ایک سیاحتی مقام پر سیاحوں کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ امریکی شہری اور ایکواڈور کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 9 بجے سامبورو کاؤنٹی میں ماؤنٹ اولولوکوے کے مقام پر پیش آیا۔ یہ ایک دیہی اور خشک علاقہ ہے جہاں واقع نیشنل پارک اور جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں کی وجہ سے سیاح آتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کے روز این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کینیا کے شمالی علاقے میں ایک دور افتادہ مقام پر ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں پانچ امریکی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر لوئیسابا کے محفوظ وائلڈ لائف علاقے سے دریائے ایواسو نیرو کی جانب تفریحی فضائی سفر پر تھا، حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 7 افراد، یعنی 6 مسافر اور پائلٹ، ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں ایکواڈور کے انٹیلی جنس چیف میشیل سینسی کونٹیجی اور ان کی اہلیہ اسٹیفنی ہولی ہان بھی شامل ہیں۔
