قومی اسمبلی اجلاس 29 فروری تک کسی بھی دن بلایا جاسکتا ہے، مرتضیٰ سولنگی
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 29 فروری تک کسی بھی دن قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات سے 21 دن بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت الیکشن کے بعد 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلاسکتے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کےلیے سمری پر میرے دستخط ہوں گے، قانونی طور پر جب مناسب اور ضروری ہوگا اجلاس طلب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو 14 دن کے اندر حتمی انتخابی نتائج جاری کرنا ہوتے ہیں، کسی امیدوار کو شکایت ہے تو قانونی فورمز سے ہی رجوع کرنا چاہیے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ انتخابات سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لیے قانونی فورمز موجود ہیں۔