چین میں جذباتی تعلقات کا مصنوعی تاثر پیدا کرنے والے چیٹ بوٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور لاکھوں ’اے آئی ساتھی‘ بند کر دیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں اپنی مرضی کے ’اے آئی ساتھی‘ فراہم کرنے والی ایپس ممنوع قرار دے دی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں پورے ملک میں اے آئی بوائے فرینڈز اور گرل فرینڈز کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے، نئے قواعد کے تحت یہ لازم قرار دیا گیا ہے کہ ٹول فراہم کرنے والے باقاعدگی سے صارفین کو یاد دلائیں کہ اے آئی کوئی حقیقی انسان نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مجازی تعلقات (ورچوئل ریلیشنز) پر بڑھتے ہوئے سماجی انحصار کو محدود کرنے کے لیے یہ نئے ضوابط نافذ کیے گئے ہیں، تاہم ان نئے قوانین کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
اے آئی پلیٹ فارمز کو نابالغوں کو مجازی ساتھی یا رشتہ دار فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ یہ قواعد چین کے سائبر اسپیس انتظامیہ اور حکومت کے چار دیگر محکموں نے اپریل میں مشترکہ طور پر جاری کیے تھے اور 15 جولائی سے نافذ العمل ہو گئے ہیں۔
ان کا اطلاق اُن اے آئی مصنوعات پر ہوتا ہے جو انسانی شخصیات، جذبات اور ابلاغی انداز کی نقل کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ یہ اقدامات چین میں اے آئی ساتھی ایپس کے بڑھتے ہوئے استعمال کے کئی سال بعد کیے گئے ہیں۔ اس دوران صارفین نے ٹی وی کرداروں کی طرز پر اپنے لیے ’’اے آئی محبوب‘‘ بنائے، مخصوص آوازوں اور شخصیات کے ذریعے فوت شدہ رشتہ داروں کو ’’پھر سے زندہ‘‘ کیا۔
ٹک ٹاک کی ڈویلپر کمپنی بائٹ ڈانس ان کمپنیوں میں شامل ہے جو اپنی اے آئی ساتھی سروسز بند کر رہی ہیں۔ دیگر کمپنیوں میں ای کامرس کی بڑی کمپنی علی بابا (Alibaba) اور مقبول سوشل میڈیا ایپ ’وی چیٹ‘ کی مالک کمپنی ٹین سینٹ شامل ہیں۔
چین میں اے آئی ساتھیوں کے صارفین حکومتی ضوابط سخت کیے جانے کے بعد خود کو محرومی کا شکار محسوس کرنے لگے ہیں، اور بعض طبی ماہرین کا خیال ہے کہ ان پر پابندی عائد کرنا تنہائی کے مسئلے کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔
