چوہدری ثاقب طاہر دو سال کے لیے بلا مقابلہ پاک فیڈریشن کے دوبارہ صدر منتخب

بارسلونا(پ ر)پاک فیڈریشن اسپین کے صدارتی الیکشن  کا انعقاد چوہدری ثاقب طاہر دو سال کی مدت کے لیے بلا مقابلہ فیڈریشن کے دوبارہ صدر منتخب، سپریم کونسل کا مکمل اعتماد کا اظہار۔ 

 مورخہ 17 دسمبر 2023 بروز اتوار  پاک فیڈریشن اسپین کی سپریم کونسل کا اجلاس بارسلونا میں فیڈریشن آفس سے منسلکہ  کیمیونیٹی ہال میں منعقد ہوا جس میں نئے صدر کا چناؤ کیا گیا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔   

فیڈریشن کے اسپیکر حافظ احمد نے الیکشن کمشنر کے فرائض سر انجام دیے جبکہ حق نواز چوہدری اور مظہر حسین راجہ  کمیشن کے معاون ممبر تھے۔ الیکشن کمشنر نے صدر کے چناؤ کا طریقہ کار واضع کیا اور بتایا کہ اس ہال میں موجود کوئی بھی فیڈریشن کا  ممبر صدارتی امیدوار بن سکتا ہے اگر دو دوسرے ممبران اسے نامزد کر دیں اور امیدوار نامزدگی قبول کر لے اور بتایا کہ الیکشن خفیہ ہو گا جس کے لیے  مکمل انتظامات موجود ہیں  یعنی بیلٹ پیپر، مہر، خفیہ کیبن، بیلٹ باکس اور گنتی کے لیے معاونین سب بندوبست مکمل ہے۔ دستور کے مطابق طریقہ کار واضع کرنے کے بعد  الیکشن کمیشنر نے چار بج کر دس منٹ  پر  اپنے امیدواران نامزد کرنے کا ٹائم دے دیا۔ سب سے پہلے  سینیر ممبران  سید ذوالقرنین شاہ اور راجہ محمد بشارت صاحب نے چوہدری  ثاقب طاہر کا نام تجویز کیا اور پھر یکے بعد دیگرے ہال میں موجود تمام ممبران نے باری باری کھڑے ہو کر نامزدگی کی تائید کی اور  امیدوار ثاقب طاہر پر  مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس طرح خفیہ الیکشن کی ضروت پیش نہ آئی اور چوہدری ثاقب طاہر بلا مقابلہ دو سال کے لیے فیڈریشن کے صدر  منتخب ہو گئے۔   

الیکشن کے بعد اپنے خطاب میں چوہدری ثاقب طاہر نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ کوئی دوسرا صدر منتخب ہوتا لیکن اگر آپ نے اعتماد کا اظہار کیا ہے تو انشاءللہ ہم سب مل کر کام کریں گے اور بچوں کی تعلیم، بلدیاتی الیکشن میں پاکستانیوں کے ووٹ اور دیگر تمام اہم مسائل پر تیزی سے کام کریں گے اور ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے جسے ساری تنظیمات سے مل کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ 

سابق صدر پاک فیڈریشن عبدالغفار مرہانا نے کہا کہ ثاقب طاہر بہت اچھے طریقے سے فیڈریشن کے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں جبکہ سابق صدر فیض اللہ ساہی نے کہا کہ فیڈریشن میں زیادہ سے زیادہ نوجوان اور ایکٹو لوگوں کو شامل کر کے فیڈریشن کو مضبوط کریں  کیونکہ یہ  اسپین میں واحد پاکستانیوں کی ایک نمائندہ تنظیم جس کا کوئی ثانی نہیں،ادارہ مضبوط ہو گا تو ہم سب مضبوط ہونگے، ہمیں ایک بڑے کمیونیٹی سینٹر کی اشد ضرورت ہے  اور ہمیں تعلیم پر کام زیادہ کرنا ہے۔ راجہ  شفیق کیانی صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے  کہا کہ سپریم کونسل کے ممبران خاموش نہ رہا کریں بلکہ جب کوئی مسئلہ گروپ میں شئر کیا جائے اس پر بحث کے ساتھ مشورہ بھی دیا کریں اور اپنا ماہانہ ممبرشپ فنڈ  باقاعدگی سے ادا کیا کریں۔ طاہر فاروق اور دیگر ممبران نے ہر مشکل مرحلے میں  کاروباری طبقے کے  تعاون کو بہت سراہا۔   اس کے علاوہ سید ذوالقرنین شاہ، راجہ بابر ناصر، شفیق تبسم، عمر عثمان چیمہ اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ویلنسیا سے عبدالحد صاحب نے ایسو سی ایشن کا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیےخصوصی شرکت  کی۔ سپریم کونسل کے واٹس ایپ گروپ میں اکثریتی ممبران نے تحریری طور پر چوہدری ثاقب طاہر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مبارکباد پیش کی ہے۔ 

پروگرام کے آخر میں مظہر وڑائچ مرحوم، شعیب ستی مرحوم اور دیگر تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کے بعد الیکشن سیشن اختتام پذیر ہوا۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے