فلسطین کے حق میں مظاہرہ،لارامبلہ بلاک،کیریفور کے بائیکاٹ کا مطالبہ
بارسلونا(قمرفاروق)فلسطینی حامی مظاہرین نے ہفتے کی سہ پہر بارسلونا کےمشہور سیاحتی مقام لا رمبلا کو بلاک کر دیا۔گزشتہ چند ہفتوں میں ہونے والے مظاہروں کے تازہ ترین سلسلہ میں یہ مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے متعدد کمپنیوں کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا جو کہ ان کے بقول مغربی کنارے اور غزہ کی اسرائیل کی "نوآبادی” کی حمایت کرتی ہیں۔
احتجاج کے دوران انہوں نے خاص طور پر فرانسیسی سپر مارکیٹ چین کیریفور کو نشانہ بنایا، جو نوآبادیات کی حمایت کرنے والوں کی ایک مثال ہے، مظاہرین نے کہا کہ یہ ریلی برانڈ کی دکان کے باہر نکالی گئی تھی۔فلسطین حامی مظاہرین نے تقریباً 15 مزید کاتالان میونسپلٹیوں میں دیگر کیریفور سپر مارکیٹوں کے باہر بھی اسی طرح کی ریلیوں کا اہتمام کیا، جن میں لا سیو دی ارجیل، اولوت، گیرونا، مانریسا، للیدا، وِک اور ایل پرات دی لوبریگات شامل ہیں۔
فلسطین کے ساتھ یکجہتی میں کاتالونیا کی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مارک دیل الکازر آئی جولیا نے پریس کو بتایا کہ فرانسیسی فرم اسرائیل کی حمایت کی ایک "واضح” مثال ہے۔ریلی کے ایک بینرز پر لکھا تھا،یہ کمپنی فلسطین میں نسل کشی کے لیے فنڈز فراہم کرتی ہے”ریلی میں درجنوں افراد نے شرکت کی جو فلسطینی پرچم لہرا رہے تھے اور ‘بائیکاٹ کیریفور’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
فلسطین کے حامی ادارے بی ڈی ایس کے مطابق، جو ایک سال سے زائد عرصے سے اس طرح کے بائیکاٹ کی حمایت کر رہا ہے، مارچ 2022 میں "کیریفور گروپ نے اسرائیل میں الیکٹرا کنزیومر پروڈکٹس اور اس کی ذیلی کمپنی ینوٹ بیٹن کے ساتھ ایک نئے فرنچائز معاہدے کا اعلان کیا، جو دونوں غیر قانونی اسرائیلی آباد کاری میں سرگرم ہیں۔”یہ فیصلہ کیریفور کو اسرائیلی حکومت کی طرف سے غاصبانہ قبضے، آباد کار استعمار اور پوری فلسطینی عوام پر نسل پرستی کے جنگی جرائم میں شریک بناتا ہے۔