بارسلونا(پ ر) رکنِ قومی اسمبلی پاکستان سید عبدالقادر گیلانی نے قونصل خانۂ پاکستان بارسلونا کا دورہ کیا، جہاں قونصل جنرل پاکستان مراد علی وزیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران سید عبدالقادر گیلانی نے پاسپورٹ سیکشن، نادرا ڈیسک اور دیگر تمام قونصلر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ قونصل جنرل مراد علی وزیر نے انہیں مختلف شعبوں کی کارکردگی، پاکستانی شہریوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر سہولیات اور درخواستوں کی بروقت تکمیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔
قونصل جنرل نے سید عبدالقادر گیلانی کو اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل، ان کے حل کے لیے قونصل خانے کی جاری کاوشوں اور متعلقہ ہسپانوی اداروں کے ساتھ روابط کے حوالے سے بھی جامع بریفنگ دی۔
اس موقع پر سید عبدالقادر گیلانی نے قونصل خانے کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور قونصل خانے کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالقادر گیلانی نے قونصل جنرل مراد علی وزیر اور قونصل خانے کے تمام افسران و عملے کو پاکستانی کمیونٹی کی بہترین خدمت پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کا بروقت حل متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
سید عبدالقادر گیلانی نے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک محمود گوندل،چوہدری اشتیاق، چوہدری نواز جھنگوی اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
