Screenshot
بارسلونا: بارسلونا میں سائیکل شیئرنگ سروس بائسنگ (Bicing) کے استعمال میں گزشتہ سال کے موسمِ گرما کے مقابلے میں 4.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شدید گرمی کے باوجود شہریوں نے بائسنگ کا استعمال زیادہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں موسمِ گرما کے دوران بائسنگ کے روزانہ استعمال کی اوسط تعداد 55,408 رہی۔ سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1 کروڑ 35 لاکھ مرتبہ بائسنگ سائیکلیں استعمال کی گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔
موسمِ گرما میں بائسنگ کا استعمال سردیوں کے مہینوں کے مقابلے میں بھی 19 فیصد زیادہ رہا۔ یہ اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ غیر معمولی گرمی کے باوجود بارسلونا کے شہری اس سروس کو اپنی روزمرہ آمدورفت کے لیے تیزی سے استعمال کر رہے ہیں۔
بائسنگ کی بعض اسٹیشنز پر استعمال کی شرح انتہائی زیادہ رہی۔ سب سے زیادہ استعمال ہونے والے 100 اسٹیشنز میں بعض اوقات ہر چار منٹ میں ایک سائیکل استعمال کے لیے لی گئی۔ پورے نیٹ ورک میں طلب کا سب سے زیادہ ریکارڈ ایک گھنٹے میں 4,500 استعمال رہا۔
شدید گرمی کے باعث خاص طور پر الیکٹرک سائیکلوں کی بیٹریاں چارج کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ زیادہ درجہ حرارت کی صورت میں بیٹریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے چارجنگ کا عمل محدود کرنا پڑتا ہے، جس سے دستیاب سائیکلوں کی تعداد متاثر ہوتی ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بارسلونا سٹی کونسل نے نئی بیٹریوں کا استعمال، اسٹیشنز میں تکنیکی بہتری، زیادہ مصروف مقامات پر سائیکلوں کی منتقلی اور مینٹیننس سروس میں اضافہ کیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں گرمی سے متعلق واقعات اور خرابیوں میں 82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
بارسلونا میں الیکٹرک بائسنگ سائیکلوں کا استعمال بھی نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔ رواں موسمِ گرما میں اوسطاً ہر دو سیکنڈ میں ایک شخص نے الیکٹرک سائیکل استعمال کی، جبکہ اب بائسنگ کے ہر 10 میں سے 8 سفر الیکٹرک سائیکلوں کے ذریعے کیے جا رہے ہیں۔
بائسنگ انتظامیہ کا سالانہ ہدف 2 کروڑ سفر تک پہنچنا ہے۔ گزشتہ سات برسوں کے دوران بائسنگ کے صارفین کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
