Screenshot
میڈرڈ: اسپین کی ولی عہد شہزادی لیونور نے میڈرڈ کی یونیورسٹی کارلوس سوم کے گیتافے کیمپس میں اپنی یونیورسٹی تعلیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ شہزادی لیونور آئندہ چار برس کے دوران سیاسیات (Political Science) کی تعلیم حاصل کریں گی، جو مستقبل میں اسپین کی ملکہ کی حیثیت سے ان کی تیاری کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
شہزادی پیر کی صبح تقریباً 9 بجے یونیورسٹی پہنچیں، جہاں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے لیے ہزاروں طلبہ موجود تھے۔ اس موقع پر شہزادی نے عام طالب علموں کی طرح سادہ لباس پہن رکھا تھا اور ایک بڑا سیاہ بیگ بھی ساتھ تھا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر متعدد طلبہ، اساتذہ اور عملے کے ارکان نے ان کا استقبال کیا، جبکہ میڈیا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شہزادی لیونور نے یونیورسٹی کی عمارت میں داخل ہونے سے قبل وہاں موجود افراد کو ہاتھ ہلا کر سلام کیا اور اپنے تعلیمی سفر کے نئے مرحلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت پُرجوش ہیں۔
یونیورسٹی کے ریکٹر اینجل آریاس نے بتایا کہ شہزادی پہلے دن پُرسکون اور پُرجوش دکھائی دیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ملکہ کا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا ادارے کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
شہزادی لیونور کی پہلی کلاس نظریۂ قانون سے متعلق تھی، جس کے بعد انہوں نے سماجی علوم میں تحقیقی طریقۂ کار اور بنیادی سیاسیات کی کلاسز میں شرکت کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق شہزادی کے لیے کیمپس میں خصوصی تعلیمی سہولت یا الگ نظام نہیں بنایا گیا۔ انہیں وہی نصاب پڑھایا جائے گا جو دیگر طلبہ پڑھ رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ یونیورسٹی میں زیادہ سے زیادہ عام طالب علموں کی طرح اپنی تعلیم جاری رکھیں۔
شہزادی لیونور اس سے قبل تین سالہ فوجی تربیت بھی مکمل کر چکی ہیں، جبکہ یونیورسٹی کی تعلیم ان کی مستقبل کی شاہی ذمہ داریوں کی تیاری کا ایک اور اہم مرحلہ ہے۔
