Screenshot
بارسلونا: کاتالونیا کی حکومت نے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث بدھ کے روز بارسلونا کے جنوب اور اندرونی علاقوں میں واقع پانچ اضلاع میں خصوصی حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان علاقوں میں صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جائے گی، تاہم ہنگامی اور ناگزیر حالات میں سفر کی اجازت ہوگی۔
حکومت کے مطابق یہ پابندیاں Alt Penedès، Baix Penedès، Baix Llobregat، Vallès Occidental اور Garraf کے اضلاع میں نافذ ہوں گی، جہاں موسلا دھار بارش اور شدید موسمی حالات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کاتالان حکومت نے اس حوالے سے ایک باضابطہ قرارداد بھی منظور کی ہے، جس کے تحت ان اضلاع میں تعلیمی مراکز اور یونیورسٹیوں میں بدھ کے روز کلاسز معطل رہیں گی۔ حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر ان کے کام کی نوعیت اجازت دیتی ہو تو وہ گھر سے کام کرنے کو ترجیح دیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
شدید موسم کے پیش نظر غیر ہنگامی طبی سرگرمیوں اور بعض صحت سے متعلق اپائنٹمنٹس کو بھی مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو خراب موسمی حالات میں غیر ضروری طور پر سفر نہ کرنا پڑے۔
حفاظتی اقدامات کا اطلاق معمر افراد اور معذور افراد کے لیے قائم ڈے سینٹرز پر بھی ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور شدید بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک اور نقل و حرکت کو کم کرنا ہے۔
کاتالان حکومت کی جانب سے منگل کی شام شہریوں کو ہنگامی موبائل فون الرٹ کے ذریعے بھی صورتحال اور پابندیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ طور پر خطرناک علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔
