ایس ڈی او کا دفتر کلاس روم میں منتقل، بچیاں صحن میں پڑھنے پر مجبور
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایس ڈی او پرائمری ایجوکیشن نے اپنا دفتر پرائمری اسکول میں منتقل کر دیا۔
طالبات کا کلاس روم دفتر میں تبدیل کردیا گیا، بچیاں سخت سردی میں اسکول کے صحن میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔
لکی مروت میں سخت سردی میں گرلز پرائمری اسکول میں ایس ڈی او فیمیل ایجوکیشن نے اپنا دفتر قائم کرلیا۔
والدین نے ایس ڈی او پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سخت سردی میں خود تو ہیٹر کے آگے بیٹھی ہیں جبکہ ان کی بچیاں ٹھٹھرتی سردی میں اسکول کے صحن میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔
طالبات کے والدین نے اعلیٰ حکام اور ایجوکیشن افسران سے ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا۔
دوسری طرف ایس ڈی او فیمیل مس آرزو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے دفاتر پر تعمیراتی کام جاری ہے اس لیے دفاتر اسکول منتقل کر دیے گئے ہیں، تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد یہاں سے اپنے دفاتر شفٹ ہوں گے۔