پاک فیڈریشن اسپین کے وفد کی او پی ایف کے ہیڈکوارٹرز میں اوورسیز پاکستانی کمیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ سے تفصیلی ملاقات

بارسلونا:(مظہر حسین راجہ ،سیکریٹری انفارمیشن)اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن 2025 کے اختتام کے بعد رواں ہفتہ کے دوران، پاک فیڈریشن اسپین کے وفد کی مختلف اتھارٹیز کے ذمہ داران سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وفد کی سربراہی مذہبی امور کونسل کے چیرمین راجہ ساجد محمود کر رہے ہیں جبکہ جنرل سیکریٹری عدیل یوسف زئی، بزنس کونسل کے چیرمین کامران حیات مظفر، فنانس سیکریٹری غضنفر منظور اور میڈیا پرسن چوہدری بابر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
فیڈریشن کے وفد نے او پی ایف کے ہیڈکوارٹرز میں اوورسیز پاکستانی کمیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ سے تفصیلی ملاقات کی اور سپین میں بسنے والے اوورسیز کے مسائل بتائے جن میں سے ریزیڈنٹ کارڈ ہولڈرز کو سپین کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دلوانے ، دوہری شہریت کے امور، اسپین میں پاکستانی اسکول کے قیام، اور بارسلونا میں پاکستانی بینک کی برانچ کھولنے جیسے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔چیئرمین او پی ایف نے ان تمام مطالبات پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور سپین کیمیونیٹی کے نام اپنا وڈیو پیغام ریکارڈ کروایا۔
پاک فیڈریشن کے وفد نے چیرمین او پی ایف کو بارسلونا آمد کی بھی دعوت دی اور بارسلونا میں ایک کنوینشن کی تجویز پیش کی تا کہ سپین و یورپ میں رہنے والے اوورسیز کے مسائل پر چیرمین صاحب بہتر طریقہ سے آگاہ ہو سکیں اور ان کے حل کو عملی جامعہ پہنایا جا سکے۔ چیرمین صاحب نے وفد کو بتایا کہ اسپین کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے لیے وہ پہلے ہی کام کر رہے اور سپین میں رہائش پزیر سابق سفارتکار ایاز حسین سید کی وہ یوسف رضا گیلانی صاحب سے پچھلے ہفتہ ان لائن میٹنگ بھی کروا چکے۔
یاد رہے کہ ایاز حسین سید صاحب نے پچھلے سال جنوری 2024 میں اپنی ٹیم کی مدد سے سپین میں بسنے والے مستقل ریذیڈنٹ کارڈ ہولڈر کے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے قانون سازی کی ترمیم کے کام کا آغاز کیا تھا اور ایک مفصل ڈرافٹ تیار کر کے وہ اگست 2024 میں پاکستان گئے اور مختلف وزراء اور اتھارٹیز کو سپین میں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے لیے بریف کیا۔ پاک فیڈریشن کے حالیہ وفد کی مختلف وزراء اور اتھارٹیز سے ملاقاتیں بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے اور اسمبلی میں قانون سازی کا بل پیش ہونے سے پہلے لابنگ کی جا رہی ہے تا کہ قانون سازی میں آسانی ہو سکے۔ پاکستانی سکول کھولنے اور بینک برانچ کے لیے سپینش اتھارٹیز سے ملاقاتوں کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا اور قونصل جنرل بارسلونا کے ساتھ بھی فیڈریشن کے صدر اور سپیکر ملاقات کر کے تفصیلات بتائیں گے اور سفارتی معاونت طلب کریں گے۔ وفد کی مزید اتھارٹیز کے ساتھ ملاقاتوں کی تفصیل بھی جلد شائع کی جائے گی۔