مسیحوں کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں،سید ذوالقرنین شاہ

بارسلونا(پ ر) ایسٹر کے تہوار کے موقع پر معروف پاکستانی مسیحی الیگزینڈر راجو اور ممتاز منیر سہوترہ کی جانب سے گولڈن سپون ریسٹورنٹ پر ایسٹر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
ایسٹر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان فورم اسپین سید ذوالقرنین شاہ نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دی اور کہا کہ الیگزینڈر راجو اور ممتاز منیر سہوترہ سے ایسا بھائی چارہ ہے کہ کبھی بھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ وہ مسیحی ہیں ہمارا رمضان ہو،عیدین ہوں کوئی بھی خوشی و غمی کا موقع ہو یہ ہمارے ساتھ ہوتے ہیں اور ہماری خوشیوں کا سانجھی ہوتے ہیں اور آج ہم بھی ان کی خوشی میں شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ یہ بھائی چارہ ایسے ہی قائم ودائم رہے۔
سید ذوالقرنین شاہ نے کہا کہ اسپین ہمارا ملک ہے اور اسپانش قوم سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں لہذا ہمیں چاہئیے کہ ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہوں انہوں نے کہا کہ لاسلوت سنٹر میں اس ایسٹر پر میں اور میری فیملی نے ڈاکٹرز ، نرسز اورپیرا میڈیکل اسٹاف کو چھوٹے چھوٹے تحائف دئیے ،ہمارا ماننا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو دن رات انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہوں، کیونکہ ان کا انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہمارے لیے قابلِ احترام ہے۔
آج جب ہم نے تحائف دئیے تو ہم نے ان کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھی، تو دل خوشی سے بھر گیا۔ یہ احساس ناقابلِ بیان تھا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام دوستوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ ہم سب کو سپینش اور دیگر کمیونٹی کے لوگوں کی خوشیوں میں بھی بھرپور انداز میں شریک ہونا چاہیے۔ ہم دیارِ غیر میں رہتے ہیں، یہاں کے لوگ ہی ہمارے اپنے بن چکے ہیں۔ اور یہ یہی ہمارے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔