Screenshot
میڈرڈ: فٹبال کے شائقین کے لیے اپنی پسندیدہ ٹیم کی جیت خوشی کا باعث بنتی ہے، جبکہ شکست شدید مایوسی اور جذباتی دباؤ پیدا کر سکتی ہے۔ ایک ہسپانوی سائنسی مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ فٹبال میچ کے نتائج اور دل سے متعلق طبی ہنگامی صورتحال کے درمیان تعلق پایا جاتا ہے، خصوصاً ان افراد میں جو پہلے ہی دل کے امراض کے خطرے کا شکار ہوں۔
محققین نے تین سال کے دوران مقامی فٹبال ٹیم کے میچوں کے دن ہسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں سینے کے درد کے باعث آنے والے مریضوں اور ایکیوٹ کورونری سنڈروم کے باعث داخل ہونے والے افراد کا جائزہ لیا۔ تحقیق میں دل کے دورے اور انجائنا کے 2 ہزار سے زائد ہسپتال داخلوں کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج کا میچوں کے نتائج سے موازنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ مقامی ٹیم کی شکست والے دن ہسپتال میں داخلوں کی تعداد بڑھ گئی۔ تاہم مردوں اور خواتین میں اس حوالے سے فرق بھی سامنے آیا۔ مردوں میں میچ والے دن دل کے دورے یا انجائنا کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ خواتین میں اس کے برعکس کمی ریکارڈ کی گئی۔
تحقیق کے مطابق وہ شائقین جنہیں پہلے سے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، بلند ٹرائی گلیسرائیڈز یا زیادہ کولیسٹرول جیسے قلبی خطرات لاحق تھے، ان میں میچ کے بعد ہسپتال پہنچنے کا امکان زیادہ تھا۔
ماہرین کے مطابق فٹبال میچ دیکھنا بعض اوقات شدید جسمانی اور جذباتی تناؤ پیدا کر سکتا ہے۔ غصہ، خوف اور شدید جذبات جسم میں قدرتی طور پر تناؤ کا ردعمل پیدا کرتے ہیں، لیکن اگر یہ ردعمل بہت شدید یا طویل ہو تو قلبی نظام پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔
دل کے دورے کی عام علامات میں سینے کے درمیان شدید درد یا دباؤ، ٹھنڈا پسینہ، متلی، چکر اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ خواتین میں علامات قدرے مختلف بھی ہو سکتی ہیں، مثلاً کمر درد، معدے کی تکلیف، غیر معمولی تھکن یا سانس پھولنا۔
