Screenshot
بارسلونا: دنیا بھر میں مشہور بارسلونا کی تاریخی عمارت ساگرادا فامیلیا شہریوں کے لیے ستمبر میں مفت کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ساگرادا فامیلیا کی جانب سے 24 سے 27 ستمبر تک منعقد ہونے والے اوپن ڈیز کے دوران شہریوں کو باسیلکا کی سیر کے لیے 20 ہزار مفت ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ یہ خصوصی پروگرام شہر کے معروف تہوار لا مرسے کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
اوپن ڈےز کے دوران آنے والے افراد کو ساگرادا فامیلیا کے موجودہ تعمیراتی کاموں اور عمارت کے مختلف حصوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔ دورے میں فیکیدا دیل ناسیمنتو (پیدائش کا اگواڑا)، باسیلکا کا اندرونی حصہ، عبادت و مذہبی رسومات سے متعلق راستہ، میوزیم اور فیکیدا دی لا پاسین (مسیح کے مصائب کا اگواڑا) شامل ہوں گے۔
زائرین کو گاؤدی کے سال کی مناسبت سے تیار کی گئی نئی نمائش ’’ایک مشترکہ خواب کی طاقت‘‘ بھی دیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس تصویری نمائش میں ساگرادا فامیلیا کے منصوبے کی تاریخ کے اہم لمحات پیش کیے گئے ہیں اور ان افراد کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے جنہوں نے اس عظیم منصوبے کو زندہ رکھنے، مشکلات کا سامنا کرنے اور اسے مستقبل کی جانب لے جانے میں کردار ادا کیا۔
اس سال ایک اور خاص بات یہ ہے کہ میٹیریلز کے صحن میں تین مجسمے بھی نمائش کے لیے رکھے جائیں گے جو مستقبل میں چیپل آف دی اسَمپشن کے بیرونی حصے کا حصہ بنیں گے۔ ان میں سانت جوزے اوریول، سانت روک اور ان چار فرشتوں میں سے ایک کا مجسمہ شامل ہے جو گنبد پر نصب ہو کر ورجن میری کے نیلے چادر نما مَینٹل کو تھامیں گے۔
اوپن ڈےز کے دوران دورے کا عمومی وقت شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک ہوگا، جبکہ 26 ستمبر بروز ہفتہ خصوصی طور پر دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک دورہ کیا جا سکے گا۔
مفت ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے دلچسپی رکھنے والے افراد 14 سے 20 ستمبر رات 9 بجے تک قرعہ اندازی میں اپنا نام درج کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن ساگرادا فامیلیا کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دستیاب فارم کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ قرعہ اندازی کے کامیاب امیدواروں کو 20 ستمبر سے اطلاع دی جائے گی۔
