نئے ضوابط کے تحت عارضی کرایہ صرف ملازمت، تعلیم یا طبی وجوہات پر دیا جا سکے گا، رہائشی مکانات کے مستقل استعمال کو ترجیح دی جائے گی۔
اسپین کے شہر بارسلونا میں عارضی رہائش اور کمروں کو کرائے پر دینے کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ شہری منصوبہ بندی کی ذیلی کمیٹی نے میٹروپولیٹن جنرل پلان (PGM) میں ترمیم کی حتمی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بارسلونا سٹی کونسل کو شہر کے مختلف اضلاع، محلوں اور عمارتوں میں عارضی کرایوں اور کمروں کی رہائش پر پابندیاں لگانے، انہیں محدود کرنے یا مخصوص شرائط کے تحت اجازت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

اس منظوری کے بعد بلدیہ نئے مقامی قوانین اور شہری منصوبہ بندی کے ضوابط تیار کر سکے گی، جن کا بنیادی مقصد گھروں کو مستقل رہائش کے لیے دستیاب رکھنا اور عارضی یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کو محدود کرنا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق کسی مکان کو عارضی بنیادوں پر کرائے پر دینے کے لیے ملازمت، تعلیم، طبی علاج یا اسی نوعیت کی حقیقی وجوہات پیش کرنا ہوں گی اور ان کا ثبوت بھی فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد عارضی کرایوں کے نام پر ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں اور قانونی نظام کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔
کمروں کے کرائے کے حوالے سے بھی نئی شرائط متعارف کرائی گئی ہیں۔ مستقل بنیادوں پر کمرے کرائے پر دینے کی صورت میں مکان میں رہنے والے تمام افراد کو مشترکہ جگہوں اور بنیادی سہولیات تک رسائی دینا لازمی ہوگا تاکہ رہائش کے مناسب معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
کاتالونیا کی وزیر برائے علاقائی امور سلویا پانیکے کے مطابق اس ترمیم کا مقصد مستقل رہائش اور دیگر اقسام کی رہائش کے درمیان قانونی فرق کو واضح کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق بارسلونا میں مستقل رہائش کے لیے دستیاب مکانات کا تناسب مسلسل کم ہو رہا ہے۔ 1991 میں شہر کے کل رہائشی مکانات میں مستقل رہائش کا حصہ 86.1 فیصد تھا، جو 2021 میں کم ہو کر 83 فیصد رہ گیا۔
بارسلونا کے میئر ژاؤما کولبونی کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مقامی شہریوں کے رہائشی حقوق کا تحفظ ہوگا اور سیاحتی و عارضی رہائش کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔
بارسلونا یونیورسٹی کے قانونی ماہر دومینیک سیبینا کی رپورٹ میں بھی اس ترمیم کو قانونی قرار دیا گیا ہے، تاہم کسی بھی پابندی کے لیے عوامی مفاد اور تناسب کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔
