Screenshot
بارسلونا میں واقع کرسٹوفر کولمبس کے تاریخی یادگار کی بحالی کے کام پر 6.3 ملین یورو سے زائد لاگت آئے گی، تاہم یہ منصوبہ موجودہ بلدیاتی مدت میں شروع نہیں ہوگا بلکہ اگلی بلدیاتی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ اعلان بارسلونا سٹی کونسل کی نائب میئر لایا بونیت نے منگل، 15 ستمبر کو کیا۔
نائب میئر نے یہ بات سٹی کونسل کی ماحولیاتی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں کہی، جہاں انہوں نے دائیں بازو کی جماعت وکس (Vox) کی جانب سے پیش کی گئی درخواست کو مسترد کرنے کی وجوہات بیان کیں۔ وکس نے مطالبہ کیا تھا کہ یادگار کی مکمل بحالی کے لیے فوری طور پر کام شروع کیا جائے اور پورتل دے لا پاؤ چوک میں لگائے گئے عارضی حفاظتی انتظامات کو مستقل طور پر ہٹا دیا جائے۔
لایا بونیت نے بتایا کہ سٹی کونسل کے پاس جنوری سے ہی یادگار کی بحالی کا منصوبہ موجود ہے، تاہم یہ منصوبہ موجودہ بلدیاتی مدت کے سرمایہ کاری پروگرام میں شامل نہیں اور نہ ہی اسے ترجیحی منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلی بلدیاتی مدت کے سرمایہ کاری منصوبے میں کولمبس یادگار کی بحالی کے منصوبے کو شامل کر لیا گیا ہے، تاکہ اس کام کو مناسب تیاری اور مکمل ضمانتوں کے ساتھ انجام دیا جا سکے۔
یاد رہے کہ بارسلونا کے پورتل دے لا پاؤ کے مقام پر قائم کولمبس کا یادگار شہر کی معروف تاریخی علامتوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ لا رامبلا کے اختتام پر واقع ہے۔
