پہلی سندھ پریمیئر لیگ کا کل سے کراچی میں آغاز
پہلی سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کل سے کراچی میں شروع ہونے جارہی ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی غازیز اور حیدرآباد بہادرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہِ راست نشر کرے گا۔
سندھ پریمیئر لیگ میں چھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ افتتاحی میچ شام سات بجے شروع ہوگا، اس سے پہلے رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی جس میں مختلف فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے، آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
ایس پی ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی ہوں گی۔
پہلے میچ میں کراچی غازیز اور حیدرآباد بہادرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پانچ فروری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں پاکستان کے نیشنل اور انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ سندھ کے مقامی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
مصباح الحق، معین خان، عبدالرزاق جیسے مایہ ناز پلیئرز مختلف ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔