بارسلونا کے ویلا اولمپیکا علاقے میں واقع پلازا دیل کوبی میں کئی ماہ سے قائم بے گھر افراد کے کیمپ کو بارسلونا سٹی کونسل نے خالی کرا لیا ہے۔ میونسپل حکام کے مطابق کارروائی کی بنیادی وجہ علاقے میں صفائی، سکیورٹی اور باہمی رہن سہن سے متعلق مسائل تھے۔
بلدیہ کے مطابق کارروائی میں گواردیا اوربانا، موسوس دِ اسکوادرا اور نیشنل پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ بارسلونا کے سماجی ہنگامی حالات کے مرکز CUESB کی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔
آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 32 افراد کو خدمات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ سماجی کارکنوں نے ان افراد کو دستیاب رہائشی اور سماجی سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
ان میں سے 5 افراد نے رضاکارانہ طور پر عوامی مقامات پر بے گھر افراد کے لیے قائم سوشل سروس SASSEP سے رجوع کیا، جہاں انہیں مزید سماجی معاونت فراہم کی گئی۔
پلازا دیل کوبی، جو پارک دیل لِتورال کے قریب واقع ہے، میں گزشتہ کئی ماہ سے خیمے نصب تھے۔ یہ خیمے خاص طور پر پرگولا کے علاقے اور مشہور مجسمے کے آس پاس قائم تھے، جہاں متعدد بے گھر افراد مسلسل راتیں گزارتے تھے۔
کارروائی کے بعد میونسپل صفائی کے عملے نے علاقے کی مکمل صفائی اور بحالی کا کام شروع کیا۔ حکام کے مطابق صفائی کے دوران تقریباً 3,000 کلوگرام کچرا اور دیگر جمع شدہ سامان وہاں سے ہٹایا گیا۔
بارسلونا میں بے گھر افراد کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی تشویش سامنے آ رہی ہے۔ خبر کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران شہر میں سڑکوں پر رہنے والے بے گھر افراد کی تعداد میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ شہر کی روندا لِتورال کے اطراف بھی ایسے افراد کی موجودگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بلدیہ کا کہنا ہے کہ پلازا دیل کوبی میں کارروائی کا مقصد علاقے میں صحت و صفائی، عوامی تحفظ اور شہریوں کے باہمی رہن سہن کے حالات کو بہتر بنانا تھا۔
