ہسپانوی گلوکارہ شکیرا نے پروگرام ’لا ریوولتا‘ میں انکشاف کیا ہے کہ وہ میامی میں اپنے بچوں سے کاتالان زبان میں بات کرتی ہیں تاکہ ان کے دوست گفتگو کو سمجھ نہ سکیں۔
کولمبیا سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا پہلی مرتبہ ہسپانوی ٹی وی پروگرام ’لا ریوولتا‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے میزبان ڈیوڈ برونکانو سے اپنی زندگی، موسیقی، محبت اور روزمرہ معمولات کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔ یہ پروگرام میڈرڈ کے میکونڈو پارک میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں ان کے موسیقی کے خصوصی پروگرام جاری ہیں۔
گفتگو کے دوران شکیرا نے کاتالان زبان کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بتایا کہ وہ میامی میں اپنے بچوں سے اس زبان میں بات کرتی ہیں، خصوصاً اس وقت جب وہ چاہتی ہیں کہ ان کے دوست ان کی گفتگو نہ سمجھ سکیں۔
شکیرا نے دلچسپ انداز میں کہا کہ ’’میں میامی میں کاتالونیا میں رہنے کے زمانے سے بھی زیادہ کاتالان بولتی ہوں۔‘‘ ان کے اس انکشاف نے پروگرام کے میزبان کو بھی حیران کردیا۔
گلوکارہ نے اپنے مصروف شیڈول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسپین میں موسیقی کے پروگرام شروع ہونے کے بعد تقریباً چار ہفتوں میں انہیں ایک بھی چھٹی نہیں ملی۔ میڈرڈ میں ان کے 13 کنسرٹس طے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں خود کو ہر کام میں حصہ لینے والی شخصیت قرار دیا اور کہا کہ ابھی صرف کنسرٹس کے تکنیکی سامان کی تنصیب اور اسے اتارنے کا کام کرنا باقی ہے۔
شکیرا نے اپنے پالتو خرگوش ٹوبی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں خرگوش اور بطخ کا گوشت کھانے کی اجازت نہیں، جس کی وجہ ان کے پالتو جانور سے وابستگی ہے۔
انہوں نے اپنے بڑے میوزیکل ٹور کے اخراجات پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق، ٹیم میں تقریباً 150 افراد کام کرتے ہیں اور امریکا میں شوز کا سامان منتقل کرنے کے لیے 40 تک ٹرک درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی اور اخراجات کا حساب لگائیں تو آخر میں تقریباً برابر ہی رہ جاتا ہے۔
محبت کے حوالے سے شکیرا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے محبت کی خاطر اپنی زندگی میں بہت کچھ کیا، بلکہ شاید ضرورت سے زیادہ۔ انہوں نے خود کو جذباتی اور بلند توقعات رکھنے والی شخصیت قرار دیا۔
شکیرا کے میڈرڈ میں جاری خصوصی موسیقی پروگرام کا اختتام 12 اکتوبر کو متوقع ہے، جس میں مالوما، بیلے، بیزاراپ اور دانی مارٹن سمیت دیگر فنکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
