بارسلونا: اسپین کے علاقے کاتالونیا میں پہلی بار ایک قبرستان نے ایسی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت لوگ اپنی آخری آرام گاہ میں اپنے پالتو جانوروں کی راکھ بھی اپنے ساتھ دفن کروا سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہولت باکس یوبریگات (Baix Llobregat) کے علاقے میں واقع روکیس بلانکس (Roques Blanques) قبرستان میں فراہم کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے قبرستان کے ضوابط میں تبدیلی کی گئی ہے تاکہ ان افراد کی خواہش پوری کی جا سکے جو مرنے کے بعد بھی اپنے پالتو جانوروں سے وابستہ رہنا چاہتے ہیں۔
قبرستان کی انتظامیہ کے مطابق متعدد افراد نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کی تدفین کے وقت ان کے پالتو جانوروں کی راکھ بھی ان کے ساتھ دفن کی جائے۔ انتظامیہ نے اس خواہش کو عملی شکل دینے کے لیے قواعد میں ترمیم کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایسے قبرستان موجود تھے جہاں صرف پالتو جانوروں کی تدفین کی جاتی تھی، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انسانوں کے قبرستان میں ان کے مالکان کے ساتھ پالتو جانوروں کی راکھ دفن کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
قبرستان انتظامیہ کے مطابق یہ سروس تقریباً ایک ماہ سے جاری ہے اور اس دوران کئی کتوں کی راکھ ان کے مالکان کے ساتھ دفن کی جا چکی ہے۔
اس سہولت سے صرف کتوں تک محدود نہیں رہا جائے گا بلکہ بلیوں، ہیمسٹرز اور گھوڑوں سمیت دیگر پالتو جانوروں کی راکھ بھی ان کے مالکان کے ساتھ دفن کی جا سکے گی۔
انتظامیہ کے مطابق پالتو جانوروں کی آخری رسومات قبرستان میں ادا کی جائیں گی، جس کے بعد ان کی راکھ کو مالک کی قبر میں دفن کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ان افراد کو اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ آخری تعلق برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے جو انہیں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔
