بادالونا (اسپین): اسپین کی معروف سماجی و کاروباری شخصیات چوہدری سجاول، چوہدری اشفاق باس، مرزا فیصل شہزاد، چوہدری سرور، چوہدری رفاقت اور چوہدری محسن کی جانب سے خان نواب ریسٹورنٹ بادالونا میں ’’پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان زندہ باد‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب اور گرینڈ عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں میجر جنرل چوہدری دلاور خان کو بارسلونا آمد پر خوش آمدید کہا گیا۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پروقار تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین کے خطیبِ اعظم علامہ خاور اویس نے حاصل کی۔ بعد ازاں عالمی شہرت یافتہ ثنا خوانِ مصطفیٰ محمد شوکت اویسی اور غلام رسول قادری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

تقریب کے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض رضوان کاظمی، ترجمان ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، نے انجام دیے۔ میزبان شخصیات نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ شرکاء نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’افواجِ پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت چوہدری اشفاق باس نے میجر جنرل چوہدری دلاور خان کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی، جو عزت و احترام اور مہمان نوازی کی علامت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل چوہدری دلاور خان نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محنت اور لگن سے نہ صرف اپنا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ اپنے ملک کی عزت و وقار میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اوورسیز پاکستانیوں پر فخر ہے۔

میجر جنرل چوہدری دلاور خان نے کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی محبت، خلوص اور پرتپاک استقبال پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور میزبان شخصیات کی جانب سے کی جانے والی میزبانی اور بے لوث محبت کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر معروف مذہبی اسکالر علامہ خاور اویسی نے پاکستان اور افواجِ پاکستان کی ترقی، کامیابی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اس کے بعد تمام مہمانوں کے اعزاز میں گرینڈ عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کو اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی باہمی محبت، قومی وابستگی اور پاکستانی روایات سے گہری وابستگی کے اظہار کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
