مونتجوئیک کا جادوئی فوارہ “لا مرسے” پر نیا شو پیش کرے گا

IMG_8690

6.6 ملین یورو کی لاگت سے فوارے کی تزئین و آرائش مکمل

بارسلونا (دوست نیوز) — مونتجوئیک کا مشہور جادوئی فوارہ، جو طویل خشک سالی کے باعث دو سال سے زائد عرصے تک بند رہا، رواں ماہ دوبارہ روشنیوں اور رنگوں سے جگمگائے گا۔ نیا شو 24 ستمبر کو شہر کے سب سے بڑے تہوار “لا مرسے” پر پیش کیا جائے گا، جسے پچھلے تیس برسوں میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس دوران بارسلونا سٹی کونسل نے فوارے کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی شامل کی ہے جو ریموٹ کنٹرول کے لیے زیادہ لچک، مضبوطی اور پائیداری فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ توانائی کی بچت بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ پرانے 4,760 بلب ہٹا کر 680 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جس سے بجلی کا استعمال 1,507 کلو واٹ سے گھٹ کر صرف 72 کلو واٹ رہ گیا ہے۔

جولائی سے پانی، آواز اور روشنی کے ٹیسٹ کیے جا رہے تھے اور اب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ شو مکمل طور پر تیار ہے۔ پہلا مظاہرہ “لا مرسے” کے آتشبازی و موسیقی کے شو کے طور پر 28 ستمبر بروز اتوار رات 10 بجے ہوگا۔ 2 اکتوبر سے فوارے کے معمول کے شو بھی دوبارہ شروع ہوں گے، جو اکتوبر میں جمعرات سے ہفتہ تک رات 9 سے 10 بجے اور نومبر و دسمبر میں رات 8 سے 9 بجے تک ہوں گے۔

فوارے کے کنٹرول سسٹم کی آخری بڑی اپ ڈیٹ 1990 کی دہائی میں ہوئی تھی۔ موجودہ تزئین و آرائش میں بھی مشہور معمار کارلس بویگاس کے 1929 کی بین الاقوامی نمائش کے لیے تیار کردہ تاریخی ڈیزائن کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

یہ منصوبہ شہر کی آرائشی فواروں کی بہتری کے بڑے پروگرام کا حصہ ہے، جس پر 2028 تک 6.6 ملین یورو خرچ کیے جائیں گے۔ چار سال میں 78 فواروں پر کام مکمل کرنے کا ہدف ہے تاکہ پانی کے استعمال کو بہتر بنایا جا سکے۔

خشک سالی کی پابندیاں اپریل میں ختم ہونے کے بعد بارسلونا انتظامیہ نے فواروں کو مرحلہ وار دوبارہ چالو کرنا شروع کر دیا تھا۔ اب تک تقریباً 65 فیصد فوارے بحال ہو چکے ہیں، جب کہ اکتوبر سے تیسرے مرحلے کی بحالی شروع ہوگی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے