’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی حمایت میں اسرائیلی سفارت خانہ میڈرڈ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

میڈرڈ (دوست نیوز) 06 ستمبر 2025سینکڑوں افراد نے ہفتہ کے روز میڈرڈ میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فلوٹیلا کو اپنے مقررہ مقام غزہ تک پہنچنے دیا جائے۔
یہ احتجاج تنظیم “پارار لا گوئرا” (جنگ کو روکو) کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ تنظیم کے ترجمان جوانن کونیات کے مطابق مظاہرہ مکمل طور پر پُرامن رہا اور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
تقریباً 800 سے 900 مظاہرین نے ہاتھوں کی ہتھیلیاں سرخ رنگ سے رنگ کر، فلسطینی پرچم اور مختلف نعرے لکھے بینرز بلند کیے جن میں ’’فلوٹیلا کو ہاتھ نہ لگاؤ‘‘ اور ’’فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی بند کرو‘‘ شامل تھے۔
احتجاج کے دوران جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ:
“ہم اکثریت میں ہیں جو نسل کشی کو ہر نظریے، مذہب اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور زیادہ سے زیادہ سماجی حلقوں کو اس میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔”
اداکار اور ہدایتکار خاویر فیسّر نے بھی مظاہرے میں شریک ہو کر فلوٹیلا کی پرامن اور انسانی ہمدردی پر مبنی کوششوں کی حمایت کی۔
یاد رہے کہ یہ فلوٹیلا، جس میں تقریباً 20 کشتیاں شامل ہیں، گزشتہ پیر کو بارسلونا سے روانہ ہوئی تھی۔ اس مشن میں 44 ممالک کے نمائندے شریک ہیں اور اسپین سمیت دنیا کے مختلف حصوں سے سماجی کارکنوں اور بین الاقوامی فنکاروں نے بھی اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے