میلییا( 14 اکتوبر 2026 دوست نیوز)شاہِ اسپین فیلپ ششم اور ملکہ لیٹیزیا نے سیوتا اور میلیلا کے تاریخی دورے مکمل کرلیے ہیں۔ شاہی جوڑے کا یہ دورہ جولائی کے آخر میں مہاجرین کی بڑے پیمانے پر سرحد عبور کرنے کے واقعے کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد ہوا، جس کے نتیجے میں مہاجرین کا بحران پیدا ہوا تھا۔
شاہ فیلپ ششم نے بدھ کے روز میلییا میں اپنے خطاب کے دوران مراکش کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، نیک نیتی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین اور مراکش کو ہمیشہ اچھے ہمسایوں کی طرح تعلقات استوار کرنے اور انہیں برقرار رکھنے کے لیے کام کرنا چاہیے، تاکہ امن، سلامتی، استحکام اور تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے لیے مشترکہ فوائد کا مستقبل تعمیر کیا جاسکے۔
شاہ نے مزید کہا کہ ایسے تعلقات کے لیے اعتماد اور ذمہ داری ضروری ہیں، جن کی بنیاد نیک نیتی پر ہونی چاہیے۔
فیلپ ششم نے سیوتا اور میلییا میں ادارہ جاتی اتحاد اور شہری ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق حالیہ ہفتوں کے واقعات نے واضح کردیا ہے کہ دونوں خودمختار ہسپانوی شہروں میں تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی اختلافات فطری اور بعض اوقات ضروری ہوتے ہیں، تاہم ان اختلافات کے ساتھ ادارہ جاتی اتحاد اور باہمی افہام و تفہیم کی کوششیں بھی جاری رہنی چاہئیں۔ مہاجر بچوں کو جزیرہ نما اسپین منتقل کرنے اور ان کی فوری واپسی جیسے معاملات پر مرکزی حکومت، پاپولر پارٹی اور ووکس کے درمیان اختلافات بھی زیر بحث رہے ہیں۔
شاہی جوڑا بدھ کی دوپہر میلییا کے مرکزی چوک پہنچا، جہاں سیکڑوں شہریوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ فیلپ ششم نے میلییا کی مقامی حکومت کے صدر خوان خوسے امبروڈا سے بھی ملاقات کی۔ امبرودانے اس دورے کو شہر کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا۔
اس سے ایک روز قبل شاہ اور ملکہ نے سیوتا کا دورہ کیا تھا، جہاں شاہ نے اسپین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا اعادہ کیا۔ شاہی محل کے اس دورے کو تاریخی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ دونوں شہروں میں گزشتہ 19 برس سے کسی سربراہِ مملکت نے دورہ نہیں کیا تھا۔
