جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسپین کی نمائندگی کے لیے شاہ فلیپ ششم خطاب کریں گے

میڈرڈ (دوست نیوز) 9 ستمبر:اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسپین کی نمائندگی کے لیے شاہ فلیپ ششم خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ خطاب ستمبر کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب 2018 میں وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیرِاعظم پیدرو سانچیز جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب نہیں کریں گے۔ تاہم حکومت کی جانب سے سمجھا گیا کہ اقوام متحدہ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر شاہ فلیپ کی تقریر زیادہ موزوں ہے۔
شاہ فلیپ اس سے قبل تین بار جنرل اسمبلی سے خطاب کر چکے ہیں: پہلی بار 2014 میں تخت نشینی کے صرف تین ماہ بعد اور پھر اگلے دو برس مسلسل۔ اس مرتبہ وہ اپنے والد، سابق شاہ خوان کارلوس اول سے آگے بڑھ جائیں گے جنہوں نے اپنے دور میں تین بار جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا (1986، 1991 اور 2005 میں)۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق شاہ فلیپ 24 ستمبر بروز بدھ سب سے پہلے خطاب کریں گے، ان کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی خطاب کریں گے۔ اجلاس کا آغاز حسبِ روایت ایک روز قبل برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا کریں گے، جبکہ ان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب ہوگا۔
اگرچہ اس بار خطاب وزیرِاعظم نہیں کریں گے، لیکن پیدرو سانچیز بھی اسی ہفتے نیویارک جائیں گے تاکہ اجلاس کے دوران ہونے والی بین الاقوامی اور دو طرفہ ملاقاتوں میں شرکت کر سکیں۔