کاتالونیا میں شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری

کاتالونیا میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث صورتحال خراب رہی۔ محکمہ تحفظِ شہری (Protecció Civil) نے ہفتے اور اتوار کو موسلا دھار بارشوں اور خطرناک موسم کے پیش نظر الرٹ جاری رکھا ہے۔
گزشتہ رات سے لے کر صبح دس بجے تک کے دوران کاتالونیا کے وسطی اور جیرونا کے کئی علاقوں میں 30 سے 60 لیٹر فی مربع میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی مقامات پر 30 منٹ میں ہی 20 لیٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ برگا کے علاقے "لا کوار” میں ہوا کے جھکڑوں کی رفتار 95 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچی، جب کہ ایک منٹ میں 7.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
بمبیرز دی جنرلتیت کے مطابق بارشوں سے متعلق 72 ہنگامی کالز موصول ہوئیں، زیادہ تر پانی جمع ہونے اور درخت گرنے کے باعث، تاہم کوئی سنگین واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ ایمرجنسی نمبر 112 پر 214 کالز ریکارڈ کی گئیں۔
ریئلس ویا بریا میں شدید بارش کے باعث سڑک GI-552 دونوں اطراف سے بند کر دی گئی۔ بیگور، پالز اور بشبال دیمپوردا سمیت کئی مقامات پر 40 سے 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ توروئیلا دے مونتگری کا "ایل دولفین ویرد” کیمپنگ سائیٹ بھی زیرِ آب آ گئی۔
کئی علاقوں میں ژالہ باری نے بھی نقصان پہنچایا، جن میں سانت یورینس دے مورونیئس شامل ہے۔ پارک نچرال دی مونتسنی اور اوزونا کے پنتا دے ساؤ میں بھی 30 لیٹر سے زائد بارش نصف گھنٹے میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات (Meteocat) کے مطابق بارشوں اور طوفانی جھکڑوں کا یہ سلسلہ مزید دو دن جاری رہ سکتا ہے، اور خطرے کی سطح کو 6 میں سے 4 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دوپہر سے شام تک ساحلی اور شمالی علاقوں میں بارش کا امکان زیادہ رہے گا۔