کوئٹہ میں بارش، زیارت سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ زیارت سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
وادی کوئٹہ میں صبح سے موسم ابر آلود تھا تاہم سہ پہر سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلسہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا، بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہو نے کے بعد کوژک ٹاپ، شیلا باغ، قلعہ عبد اللّٰہ، چمن، ہرنائی، جھل مگسی، قلات، کچھی، کیچ، خضدار، مستونگ، نوشکی، کوئٹہ، سوراب میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ وادی زیارت ،سنجاوی ، کنجو غی، کا ن مہترزئی، خو اجہ عمران ،این اے 50قلعہ سیف اللہ ژوب ہائی پر برفباری کا سلسلہ جا ری رہا۔
جس کے بعد سردی کی شدت میں ایک مر تبہ پھر اضا فہ ہو گیا، ساتھ ہی ساتھ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے عوام کی مشکلات بھی بڑھ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تربت اور خضدار میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجگور اور لسبیلہ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، وادی زیارت میں برفباری کے بعد زیارت شہر اور پہاڑ دلکش منظر پیش کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو نوکنڈی، دالبندین، چاغی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، تربت، کیچ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، پنجگور، خاران، نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللّٰہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔