پی ٹی آئی امیدوار سلمان اکرم راجہ کا فارم 33 کی تصحیح کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدوار سلمان اکرم راجہ نے فارم 33 کی تصحیح کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی امیدوار کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فارم 33 امیدواران کی فہرست میں میرا نام آزاد کی بجائے پی ٹی آئی امیدوار کے طور پر درج کیا جائے۔
سلمان اکرام راجہ نے اپنی درخواست مؤقف اختیار کیا کہ اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ بھی لف کیا، ہماری جماعت کو انتخابی نشان نہیں ملا لیکن پی ٹی آئی بطور جماعت ختم نہیں ہوئی، پارٹی اپنا وجود رکھتی ہے اور اس کے اراکین کو اپنی جماعت سے وابستگی ظاہر کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
درخواست گزار نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر 25 جنوری کو فیصلہ محفوظ کرکے 29 جنوری کو سنایا، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 2 دن میں فیصلے کی تاکید کی، اگر الیکشن کمیشن 2 دن میں فیصلہ کرتا ہے تو بھی انتخابات کا دن گزر چکا ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا کہ الیکشن میں تاخیر کا خواہش مند نہیں، صرف فارم 33 کی تصحیح چاہتا ہوں۔