اسپین کے علاقے اوریویلا کوستا میں ایک آسٹریلوی کاروباری شخصیت کرکٹ کا جدید اسٹیڈیم تعمیر کر رہی ہے، جہاں ایک ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی اور ماحول دوست سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
اسپین کے علاقے اوریویلا کوستا کے ساحلی مقام پلایا فلامینکا میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد یورپ میں اس کھیل کا ایک اہم مرکز قائم کرنا ہے۔ آسٹریلوی کاروباری شخصیت ڈینیئل ویسٹن اس منصوبے کے بانی ہیں، جن کی خواہش ہے کہ اس مقام کو یورپی کرکٹ کا نمایاں مرکز بنایا جائے۔
’’کیمپو میکسیمو‘‘ نامی اس منصوبے میں ابتدائی طور پر ایک ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ کرکٹ کھیلنے کے لیے نو پچز بھی تیار کی جائیں گی۔ منصوبے کے مطابق یہاں بین الاقوامی مقابلے، کھلاڑیوں کی تربیت اور مختلف ٹیموں کے تربیتی کیمپ منعقد کیے جا سکیں گے۔
اس اسٹیڈیم میں پہلا میچ 2028 میں کھیلے جانے کی توقع ہے، جبکہ 2029 تک اسے مکمل طور پر فعال بنانے کا منصوبہ ہے۔ مستقبل میں عارضی یا نیم مستقل اسٹینڈز کے ذریعے تماشائیوں کی گنجائش بڑھانے کی سہولت بھی ہوگی۔ ویسٹن کی خواہش ہے کہ ایک دن یہاں کرکٹ کے اعلیٰ ترین بین الاقوامی مقابلے، یعنی ٹیسٹ میچز بھی منعقد ہوں۔
اوریویلا کوستا کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کہ یہاں برطانوی باشندوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اس کے علاوہ اسپین میں کرکٹ کے سو سے زیادہ کلب، قومی ٹیم اور باقاعدہ مقابلے موجود ہیں، جس سے کھیلوں کی سیاحت کے فروغ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
منصوبے میں ماحولیات کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ پارکنگ کے اوپر تقریباً 4,600 مربع میٹر کے سولر پینلز نصب کیے جائیں گے، جبکہ پیدا ہونے والی بجلی بیٹریوں میں محفوظ کی جائے گی تاکہ اسٹیڈیم کی روشنی سمیت دیگر ضروریات پوری کی جا سکیں۔
پانی کی بچت کے لیے کھیل کے میدان کے نیچے ذخیرہ کرنے والے ٹینک بنانے کا منصوبہ بھی ہے، جن کی مجموعی گنجائش ایک لاکھ مکعب میٹر بتائی گئی ہے۔
مزید برآں، قدرتی گھاس کے بجائے خصوصی مصنوعی سطح استعمال کرنے کی تجویز ہے، جس سے دیکھ بھال کے اخراجات اور کھاد کی ضرورت کم ہوگی۔ منتظمین کے مطابق جدید روشنی اور ماحول دوست سہولیات کی بدولت یہاں سال کے 365 دن، دن اور رات کرکٹ کھیلی جا سکے گی۔
